عمر کوٹ، غربت اور بیماری سے تنگ محنت کش میاں بیوی نے خود کشی کر لی

چھور کے قریبی گائوں میں بیماری سے تنگ آکر بیوی نے خود کشی کی تو اس کی نعش جھولتی دیکھ کر غریب محنت کش ہمت ہار بیٹھا اور خود کو بھی لٹکا کر خود کشی کرلی

بدھ 23 اکتوبر 2019 12:49

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) بیماری، غربت اور افلاس سے تنگ آکر محنت کش میاں بیوی نے خود کشی کرلی۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے اوراصل حقائق جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔پولیس کے مطابق عمر کوٹ کے علاقے چھور کے قریبی گائوں میں بیماری سے تنگ آکر بیوی نے خود کشی کی تو اس کی نعش جھولتی دیکھ کر غریب محنت کش ہمت ہار بیٹھا اور خود کو بھی لٹکا کر خود کشی کرلی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بیمار بیوی کا گزشتہ کچھ عرصے سے غربت کے باعث علاج نہیں ہو پارہا تھا جس کی وجہ سے گھر میں سخت پریشانی تھی۔میاں بیوی کی جانب سے خودکشی کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور اس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے ہیں جن کا تفصیلی معائنہ کیا جارہا ہے تاکہ حقائق کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔

میڈیا سے بات چیت میںایس ایچ او نیو چھورنے بتایاکہ بظاہر تو خود کشی دکھائی دے رہی ہے لیکن فی الوقت حتمی طور پر کچھ کہنا نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق جاننے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔پولیس کے مطابق خود کشی کرنے والے میاں بیوی کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ علاقے میں میاں بیوی کی ایک ساتھ خود کشی کے واقع سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

عمرکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں