پروفیسر سید امین شاہ اخوند زادہ کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا

ہفتہ 16 مارچ 2024 22:29

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب کے پرنسپل پروفیسر سید امین شاہ اخوند زادہ کی ریٹائرمنٹ کی مناسبت سے ان کے خدمات کے اعتراف میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب کے متعدد معزز اساتذہ کرام اور ادارے میں زیرِ تعلیم مختلف درجات کے طلباء نے پروفیسر سید امین شاہ اخوند زادہ کی بہترین تعلیمی خدمات اور انتظامی کارکردگی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

پروفیسرز اور طلباء نے تین یوم قبل ادارے کے پرنسپل کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب میں بی ایس کے جدید بلاک کے افتتاح کو بی ایس پروگرام کے جاری انقلابی سفر کے سلسلے میں ایک تاریخی قدم اور یادگار تعلیمی پیش رفت قرار دیا۔

(جاری ہے)

الوداعی تقریب سے پروفیسر علاؤ الدین لوؤن، پروفیسر وزیر خان مندوخیل، پروفیسر واحد خان حریفال، پروفیسر مقتدا خان کاکڑ اور پروفیسر عبدالغفار شیرانی نے اپنے خیالات کے اظہار میں پروفیسر سید امین شاہ اخوند زادہ کی خدمات کا برملا اعتراف کیا۔

پروفیسر سید امین شاہ اخوند زادہ نے اپنے الوداعی خطاب میں تعلیم کی اہمیت، تنظیم کی ضرورت اور محنت کی عظمت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ادارے، اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ بیتے لمحات کو اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب کے طلباء نے ریٹائرڈ ہونے والے پرنسپل کی خدمت میں یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئے۔ بعد ازاں سابق پرنسپل کو روایتی ثقافتی پگڑی پہنائی گئی۔ تقریب کا اختتام پرفیسر سید محبوب شاہ اخوند زادہ کی دعا سے ہوا۔

متعلقہ عنوان :

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں