۳محکمہ تعلیم کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ابھی تک سرکاری سکولوں کو تدریسی کتابیں فراہم نہیں ، ایمل ساروان

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

ژوب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی ڈپٹی آرگنائزر ایمل ساروان اور ضلع سیکرٹری امیرالبشر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ابھی تک سرکاری سکولوں کو تدریسی کتابیں فراہم نہیں کی گئی جبکہ نئے تعلیمی سال کا تقریبا ایک ماہ گزرنے کے قریب ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلی حکام کو تعلیمی شعبے میں بہتری لانے میں کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ ان کے اپنے بچے اعلی پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر سال کتابوں کی چھپائی کا عمل تاخیر سے شروع کیا جاتا ہے اور نتیجے میں سرکاری سکولوں کو وقت پر کتابیں فراہم نہیں کی جاتی اور یہی وجہ ہے کہ ژوب کے اکثر سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا ابھی تک درسی کتابوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے طلبا اور طالبات کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے ضلعی آفیسران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ژوب کے تعلیمی اداروں کو فوری طور پر کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر پشتونخوا ایس او محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

ژوب میں شائع ہونے والی مزید خبریں