Adnan Siddiqui - Aik Warstyle Adakar

Adnan Siddiqui - Aik Warstyle Adakar

عدنان صدیقی ایک ورسٹائل اداکار

کچھ ہی عرصے قبل سوشل میڈیاپرعدنان صدیقی کی بانسری کے بہت چرچے تھے اور ان کی بانسری کی دھن پر سب ہی جھوم اُٹھے تھے

بدھ 17 جولائی 2019

 فاروق احمد انصاری
کچھ ہی عرصے قبل سوشل میڈیا پرعدنان صدیقی کی بانسری کے بہت چرچے تھے اور ان کی بانسری کی دھن پر سب ہی جھوم اُٹھے تھے،اس کا مطلب یہ ہوا کہ عدنان صدیقی صرف اداکاری میں ہی بہترین نہیں بلکہ ان کو موسیقی پر بھی کافی کمال حاصل ہے۔انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شےئر کی تھی جس میں وہ گلوکار عاطف اسلم کے مقبول گانے’دل دیاں گلاں‘کی دھن پر بانسری بجاتے نظر آئے اور عدنان صدیقی کی یہ ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پربھی خوب وائرل ہو گئی تھی۔
ایسا نہیں ہے کہ عدنان صدیقی کی بانسری بجاتی ویڈیو پہلی بار سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہو،اس سے قبل وہ گلوکار واداکار بلال خان کے ساتھ بھی بانسری بجا چکے ہیں ،جس کی ویڈیو بلال خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شےئر کی تھی۔

(جاری ہے)


عدنان صدیقی ایک نظر میں
فلم”مام“میں اپنی زبردست پر فارمنس کے ذریعے عدنان نے خوب داد سمیٹی۔ان کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انہیں مزید فلموں میں کاسٹ کرنے کی خبریں بھی گردش میں تھیں مگر ایسا نہ ہو پایا۔

لیکن یہاں ہم یہ ضرور کہیں گے کہ پاکستان کے صف اوّل کے اداکار عدنان صدیقی نے نہ صرف پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری بلکہ پاکستان سے باہر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔اداکاری کے علاوہ انہوں نے بہت سارے ٹی وی کمر شلز میں ماڈلنگ بھی کی ہے۔وہ پاکستان کے ان گنے چنے اداکاروں میں شمار کئے جاتے ہیں،جنہوں نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ میں بھی کام کیا ہے۔
عروسہ ،پل دو پل ،میری ادھوری محبت،میری ذات ذرہ بے نشاں ،دورابا،ہوا ریت اور آنگن ،چھوٹی سی کہانی،صندل اور تھوڑی سی وفا چاہیے ان کے بہترین ڈرامہ سیریلز میں شمار کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے پہلی مرتبہ فلموں میں 1990ء میں جبکہ ٹی وی ڈراموں میں 1992ء میں اداکاری کے جوہر دکھانے شروع کئے۔انہوں نے ابتدائی زندگی کراچی میں گزاری۔وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں ۔
وہ سخت محنتی،اپنے پیشے سے لگاؤ رکھنے والے اور وعدے کے پکے سمجھے جاتے ہیں۔
تعلیم اور ذاتی زندگی
انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے مقامی اسکول سے حاصل کی،جس کے بعد انہوں نے یونیورسٹی آف کراچی میں داخلہ لیا اور ایم بی اے مارکیٹنگ کی ڈگری حاصل کی۔ان کی شادی پلوشہ سے ہوئی۔ان کے تین بچے ہیں،جن میں دو بیٹیاں مریم اور دانیہ جبکہ بیٹے کا نام زید ہے۔
وہ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں۔
ابتدائی حالات
عدنان صدیقی لاہور میں پیدا ہوئے ۔8بہن بھائیوں میں وہ سب سے چھوٹے تھے۔بچپن میں شرارتی ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ حد تک سیدھے بھی تھے۔شاید اسی لیے کو ایجوکیشن اسکول میں لڑکیوں کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا،جس کا انہیں آج بھی افسوس ہے۔ان کی شخصیت پر ان کے والد کی تربیت کا اثر آج بھی نظر آتا ہے ۔
تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک بینک میں مینجمنٹ ٹرینی کی جاب شروع کی لیکن پھر جلد ہی اُکتا گئے۔اس کے بعد ایک اشتہاری کمپنی میں کام کیا۔پھر ایک ٹیلی کام کمپنی سے وابستہ ہوئے اور بعد میں شوبز کی دنیا کو اپنا لیا۔
عدنان پیدا تو لاہور میں ہوئے لیکن پھر والدین کے ساتھ کراچی شفٹ ہو گئے لیکن جب بھی لاہور جاتے ہیں وہاں ملنے والی عزت اور محبت کو بہت سراہتے ہیں ۔
وہ ہر دورے میں لاہور کے کھانوں اور تاریخی مقامات کی سیر سے ضرور لطف اندوز ہوتے ہیں۔
دی مائٹی ہارٹ
’دی مائٹی ہارٹ‘میں عدنان صدیقی کا کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔اس فلم کی ہدایتکاری مائیکل ونٹربوٹم نے دی تھی اور یہ فلم مقتول امریکی صحافی ڈینیل پرل پر بنائی گئی تھی ،جن کی یادداشتیں ان کی بیوہ میریان نے مہیا کی تھیں۔اس فلم میں عدنان صدیقی نے دوست الیانی کا اور انجلینا جولی نے ڈینیل کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔یہ فلم ڈینیل پرل کی بیوہ کی تحریر کردہ کتاب پر مبنی ہے ،جس میں ڈینیل کے اغوا اور قتل کا پورا واقعہ شامل ہے۔فلم میں ڈینیل کا اغوا اور ان کی بیوی کی جانب سے انہیں تلاش کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

Browse More Articles of Other