Julia Roberts

Julia Roberts

جو لیا رابرٹس

بڑے قد کی بڑی اداکارہ اب چھوٹی سکرین پر اپنی صلاحیتوں کا لوھا منوائیں گی تین دہائیاں گزرنے کے باوجود انکی کشش میں فرق نہیں پڑا

پیر 24 ستمبر 2018

فوزیہ طارق بٹ
”نیا نودن پرانا سودن“یہ مثل ہالی وڈ کی خوبروحسینہ جو لیا رابر ٹس پر صادق آتی ہے ۔تین دہائیوں سے شوبز میں آنے کے باوجود انکا حسن آج بھی ماند نہیں پڑا بلکہ پہلے دن کی طرح برقرار ہے۔ایک ایسے دور میں اداکاری میں قدم رکھا جب نامور فنکارائیں سٹیج سے فلمی دنیا میں قدم رکھتی تھیں اور سٹیج ہی فنکاراؤں کی تربیت کی اولین آماجگاہ تھی مگر جولیارابرٹس سٹیج پر کام کرنے کے بجائے براہ راست فلمی دنیا میں وارد ہوئیں ۔

سٹیج پر کام نہ کرنے کا خلاوہ آج بھی شدت سے محسوس کرتی ہیں ۔اب سننے میں آیا ہے کہ اداکارہ نے چھوٹی سکرین پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا فیصلہ کیا ہے ۔شوبز حلقوں نے جو لیارابرٹس کے چھوٹی سکرین پر جلوہ گر ہونے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور شائقین کو نامور اداکارہ کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

دراز قامت جو لیار ابرٹس اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈکشن میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہیں ۔

نوے کی دہائی کی رومانٹک کامیڈی ”پر یٹی ویمن“سے شہرت کی سیڑ ھیوں پر قدم رکھا جس نے دنیا بھر میں 464ملین ڈالر کا روبار کیا ۔اس فلم پر نہ صرف گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا بلکہ آسکر ایوارڈ کیلئے نامزدگی بھی حاصل کی۔بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ 2000ء کی شہرہ آفاق فلم ”ایرک بروکووچ “پر جیتا ۔مجموعی طور پر انکی فلمیں گلوبل باکس آفس پر 2.8بلین ڈالر بزنس کر چکی ہیں۔
یوں وہ باکس آفس کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں ۔”میسٹک پیزا“”سٹیل مینگولاس“”پریٹی ویمن “”سلیپنگ وددی ایمی “”پیلی کین بریف “”مائی بیسٹ فرینڈ زویڈنگ“” نوٹنگ بل “”رن وے بریج“”اوشین الیون “”اوشین ٹویل“”چارلی ولسن وار “”وائی لینس ڈے “”ایٹ پرے لو“”منی مونسٹر “اور“ونڈر “ان کی کامیاب ترین فلمیں ہیں ۔
”نارمل ہارٹ “ایچ بی اوٹی وی فلم میں عمدہ کارکردگی پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کے پریمےئر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔نوے کی دہائی سے لیکر 2005ء تک وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنیوالی اداکارہ قرار پائیں ۔نوے کی دہائی کی ”پریٹی ویمن “پر انکا معاوضہ300,000امریکی ڈالرتھا جبکہ 2003ء کی ”مونا لیزاسمائل“ پر 25ملین ڈالر معاوضہ وصول کیا ۔
2007ء میں ان کی مجموعی آمدنی کا تخمینہ140ملین ڈالر لگا یا گیا ۔پیپل میگزین نے ریکارڈ پانچ مرتبہ انہیں دنیا کی خوبصورت ترین خاتون قرار دیا ۔نامور اداکارہ کی ذاتی زندگی پر نگاہ ڈالی جائے تو ان کی اداکار جیسن پیٹرک ،لیم نیسن ،کیفرسودرلینڈ،ڈیلائن میک ڈرموٹ اور میتھیوپیری کے ساتھ دوستی کے چرچے رہے۔سودرلینڈ کے ساتھ انکی منگنی بھی ہوئی مگر یہ بیل منڈھے نہ چڑھ سکی اورشادی سے عین تین روز قبل11جون 1991ء کو ٹو ٹ گئی ۔

فوک گلوکار لائلی لووٹ انکے ساتھ ان کی پہلی شادی ہوئی ۔یہ شادی مارین انڈین سینٹ جیمز چرچ میں ہوئی۔یہ شادی زیادہ عرصہ چل نہ سکی اور 1995ء میں ان کی علیحدگی ہو گئی۔1998ء سے 2001ء تک ان کی اداکار بنجمن بریٹ کے ساتھ دوستی رہی۔موجودہ شوہر کیمرہ مین ڈینےئل موڈرکے ساتھ انکی 2000ء کی فلم ”میکسکین “کے سیٹ پر ملاقات ہوئی حالانکہ اس وقت انکی بریٹ کے ساتھ دوستی ہنوز بر قرار تھی۔

ڈینےئل موڈر کی تب ویر اسٹیلم برگ سے شادی ہو چکی مگر ایک سال بعد علیحدگی کی باقاعدہ درخواست دائر کی جس کی منظوری کے بعد 4جولائی 2002ء نیویارک میں واقع اپنی رانچ میں شادی کرلی۔دونوں کا میاب ازدواجی زندگی بسر کررہے ہیں ۔قدرت نے انہیں تین بچوں سے نوازا رکھا ہے جن میں جڑواں بچے بھی شامل ہیں ۔جولیارابرٹس کا بچپن عیسائی مذہب کے زیر اثر گزرا مگر 2010ء میں ایلی میگزین کو ایک انٹرویو میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ ہند وازم پر گہرااعتقادرکھتی ہیں۔
ہندوگورونیم کر ولی بابا کیساتھ ایک تصویر میں باقاعدہ عقیدت مندانہ انداز میں دکھایا گیا ہے۔ ستمبر2009ء میں فلم”ایٹ پرے لو “میں اپنے بچوں کو گوروکے کہنے پر ہند وانہ نام دے دئیے ۔انسانی بھلائی کے کاموں میں بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں ہیں ۔وہ اپنا ٹائم اور ذرائع یونیسیف کے ساتھ ساتھ خیراتی اداروں کو وقف کئے۔”غربت مٹاؤ“انکی زندگی کا مشن ہے ۔
ذاتی جیب سے کئی مرتبہ بھاری رقم عطیہ کیں ۔سائلنٹ اینجلز کے نام سے ایک دستاویز ی فلم بھی ریلیز کی جسے لاس اینجلس ،بالٹی مور اور نیو یارک میں شوٹ کیا گیا تھا ۔اس دستاویز ی فلم کا مقصد پبلک میں اس سے پیدا ہو نیوالی بیماریوں کیخلاف آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ارتھ بائیوفولز نے انہیں اپنی ترجمان بنانے کا اعلان کیا ۔وہ خواتین کو با اختیار بنانے کی زبردست حامی ہیں ۔
دنیا بھی کی خواتین کیخلاف ہونیوالے ظلم کیخلاف آواز اٹھانا ضروری سمجھتی ہیں ۔پروڈکشن کمپنی ریڈاوم فلمز اپنی بہن لیزارابرٹس گیلان کے ساتھ ملکر قائم کی۔”امریکن گرل“فلم کی پہلی چار فلموں کی ایگز یکٹو پروڈیوسر کی خدمات بھی انجام دیں جو 2004سے 2008ء کے درمیان ریلیز ہوئیں ۔

جولیارابرٹس ایک انتہائی محبت کرنیوالی ماں بھی ہیں ۔

ہالی وڈ کی بیشتر اداکارائیں جسمانی کشش خراب ہونے کے خوف کی وجہ سے ماں بننے سے گریز کرتی ہیں مگر جولیارابرٹس ماں بننے کو زندگی کا بہترین لمحہ قرار دیتی ہیں ۔ماں کے عالمی دن کے موقع پر وہ کئی مرتبہ ماں کی حیثیت سے اپنا پیغام نشر کرایا۔یونیسیف کی جانب سے انہیں دنیا بھر کی مظلوم خواتین اور بچوں کے حق میں موثر آواز قرار دیا گیا۔انہی خدمات کے پیش نظر یونیسیف نے انہیں اپنی اعزازی سفیر مقرر کر رکھا ہے ۔
ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کیلئے جولیا رابرٹس عین عروج کے دنوں میں شوبز سے وقفہ لے لیا تھا۔شہرہ آفاق اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کیلئے اپنی فیملی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔سردست ریٹائر منٹ کی خبروں کو اداکارہ نے مسترد کردیا ہے ۔ان کا کہناہے کہ جب تک پر ستار پسند کریں گے وہ فلموں میں کام جاری رکھیں گی ۔سوشل سٹیٹس سمبلی ٹیٹوز کو بڑی تعداد میں اپنے جسم پر بنوارکھا ہے ۔ان میں اپنے شوہر اور بچوں کے نام کے ٹیٹوز بھی شامل ہیں ۔اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹیٹوزانہیں توانائی دیتے ہیں ۔اداکارہ نے جون 2017ء میں ایچ بی اوکی ماریہ سیمپل کے ناول کی محدود سیریز ”ٹوڈے ول بی ڈیفریٹ “میں اداکاری کا اعلان کیا تھا ۔یہ ان کی پہلی ٹیلی ویژن سیریز ہے۔

Browse More Articles of Hollywood