یکساں نصاب تعلیم کا اجراء موجودہ حکومت کا عظیم کارنامہ ہے‘ اسد ملک

پیر 20 مئی 2013 13:43

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 20مئی 2013ء) یکساں نصاب تعلیم کا اجراء موجودہ حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ گورنمنٹ اداروں میں انگلش میڈیم کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھی جس سے سرکاری ادارہ جات کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ ریاضی ،سائنس، کمپیوٹر کی بہتر تدریس کے لیے حکومت تمام تعلیمی ادارہ جات میں جونےئر سائنس /آئی ۔

ٹی اساتذہ تعینات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار آزادکشمیر سکولز ٹیچرزآرگنائزیشن تحصیل میرپور کے صدر اور انجمن اساتذة جموں وکشمیر ضلع میرپور کے سیکرٹری جنرل اسداللہ ملک نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں محکمہ تعلیم میں تقرری اور تبادلہ جات حلقہ کے ایم۔ اے۔ایل کی صوابدیدی پر ہوتے تھے۔ موجودہ حکومت نے معیارتعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اس رسم کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ تقرری حلقہ کے ایم۔

(جاری ہے)

اے۔ایل کی صوابدیدی کی بجائے پبلک سروس کمیشن کے تحت عمل میں لانے اور تبادلہ جات کے لیے سیاست سے پاک نئی پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے۔ ا س کے علاوہ آزادکشمیر بھر میں ایک ہی ٹائم ٹیبل ،اے۔سی ۔آر کی بروقت تیاری ، میرٹ اور سنیارٹی کی بحالی، ایڈھا ک ازم اور اقربا پروری کا خاتمہ، اساتذہ و طلباء کے لیے یونیفارم کا اجراء، سرکاری ملازمین کے بچوں کانجی اداروں کی بجائے گورنمنٹ کے اداروں میں پڑھانے ،نصاب کی تقسیم ،چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام، بورڈ اور یونیورسٹی کی امتحانی ڈیوٹی کے لیے مخصوص اساتذہ کی بجائے آزادکشمیر بھر کے تمام اساتذہ کو یکساں موقع فراہم کرنے ، جیسے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

اسداللہ ملک نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں تقرری و تبادلہ جات کا برسوں سے رائج نظام طاقتور کے لیے پرکشش، ایزی اپروچ جبکہ کمزور ، لائق ذہین ، متوسط اور غریب طبقات کے لیے اپروچ سے باہر اور سخت اذیت کا باعث ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم آزادکشمیر ، چیف سیکرٹری، وزیر تعلیم سکولز اور سیکرٹری تعلیم سے کہا کہ محکمہ تعلیم جیسے مقدس پیشہ میں چور دروازے سے ہونے والی تعیناتیاں اور ترقیابیوں کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور نئے قوانین و ضوابط کو فوری نافذ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :