دوسرا ٹیسٹ،پاکستانی بلے باز” دھوکہ “دے گئے،ویسٹ انڈیز 107رنز سے کامیاب

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 مئی 2017 23:02

دوسرا ٹیسٹ،پاکستانی بلے باز” دھوکہ “دے گئے،ویسٹ انڈیز 107رنز سے کامیاب
باربڈوس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4مئی۔2017ء) ویسٹ انڈیز نے بارباڈوس ٹیسٹ میں پاکستان کو 106رنز سے شکست دیدی ۔بارباڈوس میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں ہدف کے تعاقب میں گرین کیپس کا مایوس کن آغاز رہا اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوپننگ بلے باز اظہرعلی 10 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد بابراعظم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ پر احمد شہزاد اور یونس خان نے 16 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 27 تک پہنچایا تو یونس خان بھی 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ جب کہ وکٹ پر کھڑے رہنے والے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد 61 گیندوں پر 14 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز شاداب خان بھی ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

آٹھویں وکٹ پر سرفراز احمد اور محمد عامر نے دفاعی حکمت عملی کے بجائے جارحانہ انداز اپنایا اور42 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 78 تک پہنچایا تو محمد عامر 20 رنز بنا کر شینن گیبرئیل کا شکار بن گئے۔یاسر شاہ گیبریئل کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ سرفراز احمد 23رنز بناکر آﺅٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبرئیل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5،جیسن ہولڈر نے 3جبکہ جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈیز نے 264 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ سے کھیل کا آغاز کیا تو دوندرا بشو 16 اور شینن گیبرئیل صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ، میزبان ٹیم مجموعی سکورمیں صرف 4 رنز کا اضافہ کرپائی تھی کہ بشو 268 کے مجموعے پر 20 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 2 اور محمد عامر کی ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیل کے چوتھے روز شائی ہوپ سب سے زیادہ 90 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، بریتھ ویٹ 43، روسٹن چیز 23، وشال سنگھ 32، چین ڈورچ 2، کپتان جیسن ہولڈر ایک اور الزیری جوزیف 7 رنز بنا سکے۔ اس سے قبل گرین کیپس نے اپنی پہلی اننگز میں اظہرعلی کے 105 اور کپتان مصباح الحق کے نروس 99 رنز کی بدولت 393 رنز بنائے تھے۔
وقت اشاعت : 04/05/2017 - 23:02:37