نجم سیٹھی ایک ٹکٹ میں دو مزے کرنے کے خواہاں

منگل 23 مئی 2017 13:28

نجم سیٹھی ایک ٹکٹ میں دو مزے کرنے کے خواہاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23مئی ۔2017ء) پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے پر بھی پی ایس ایل کی سربراہی نہیں چھوڑوں گا۔ایک انٹر ویو کے دوران نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کے بعد بھی پی ایس ایل کا چیئر مین رہوں گا تاہم یہ حتمی نہیں ہے، مجھے گورننگ بورڈ نے چیئر مین پی ایس ایل مقرر کیا تھا،اس لیے عہدہ چھوڑنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بنا تو پی ایس ایل کو پاکستان لانا اولین ترجیح ہوگی کیوں کہ اسی میں لیگ اور ملک کا فائدہ ہے،میرا دوسرا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے جبکہ ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں،جسٹس قیوم رپورٹ کی سفارشات پر خصوصی نظر رکھوں گا۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کہا کہ عالمی کرکٹ سے مقابلہ کرنے کے لیے کوالیفائیڈ کیوریٹرز کو متعارف کرانا ضروری ہے، ملکی پچز پر گھاس اور باﺅنس ہوگا تبھی پاکستانی کرکٹرز کو غیر ملکی کنڈیشنز میں کھیلتے ہوئے زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑےگا، کرکٹ اکیڈمیز کا ڈھانچہ بھی تبدیل کرنےکی کوشش کرینگے اورڈپارٹمنٹس کو اجازت ہوگی کہ اپنے کھلاڑی ریجنز کو دے سکیں کیوں کہ اس فیصلے سے علاقائی ٹیمیں مضبوط ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے عہدے کی مدت اگست میں ختم ہوگی اور نجم سیٹھی اگلے پی سی بی چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں ۔

وقت اشاعت : 23/05/2017 - 13:28:00