چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو 125رنز سے شکست دیدی

اتوار 4 جون 2017 22:59

چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو 125رنز سے شکست دیدی
برمنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4 جون ۔2017ء) چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو 125رنز سے شکست دیدی ۔ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو متاثر کن آغاز فراہم کیا اور بھارتی ٹیم نے 9.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 46 رنز بنائے تھے کہ بارش نے میچ میں مداخلت کردی،تقریباً آدھے گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد بارش رکنے کے بعد میچ کو دوبار شروع کردیا گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور تمام پاکستانی باﺅلرز کی خبر لیتے ہوئے سنچری شراکت قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب 136 کے مجموعی سکور پر شاداب خان نے پاکستان کو کامیابی دلاتے ہوئے 68 رنز بنانے والے شیکھر دھون کو پویلین رخصت کردیا،میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی ہے جس کے باعث میچ کو ایک مرتبہ پھر روک دیا گیا ہے اور دوبارہ آغاز کے بعد میچ کو فی اننگز 48 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

روہت شرما اور کوہلی نے دوسری وکٹ کیلئے 56 رنز جوڑے لیکن ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں روہت 91 رنز بنانے کے بعد پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے،نئے بلے باز یوراج سنگھ نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں کھلاڑیوں نے کیچ ڈراپ ہونے کے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے58 گیندوں پر 93 رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے سکور کی راہ ہموار کی، یووراج 32 گیندوں پر 53 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے، پاکستانی باﺅلنگ لائن مشکلات سے دوچار نظر آئی اور محمد عامر کے بعد وہاب ریاض بھی انجری کا شکار ہو کر اپنے اوورز کا کوٹا مکمل کیے بغیر پویلین لوٹ گئے،ویرات کوہلی نے توقعات کے مطابق بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہردک پانڈیا نے صرف چھ گیندوں پر 20 رنز بنائے جس کی بدولت بھارت نے مقررہ 48 اوورز میں تین وکٹ پر 319 رنز بنائے،اختتامی اوورز میں پاکستانی باﺅلنگ بے یارو مددگار نظر آئی اور بھارت نے آخری چار اوورز میں 72 رنز بنائے۔

ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے 324 رنز کا ہدف ملا ،پاکستانی اوپنرز نے بغیر کسی نقصان کے 22 رنز بنائے تھے کہ میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب پاکستانی ٹیم کو میچ دوبارہ شروع ہونے پر 41 اوورز میں 289 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا ، احمد شہزاد انتہائی سست روی سے بیٹنگ کرتے رہے اور 22 گیندوں پر صرف 12 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کیلیے آئے اور وہ بھی صرف 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے، محمد حفیظ نے اظہر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 30 رنز جوڑے مگر اظہر علی بھی 65 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوگئے۔

شعیب ملک اچھی فارم میں دکھائی دیے اور کریز پر آتے ساتھ ہی 3 باﺅنڈریاں لگائیں لیکن وہ 15 رنز پر رن آﺅٹ ہوگئے۔حفیظ 33رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر آﺅٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم سکوررز کو تنگ کیے بغیر پوویلین لوٹ گئے۔باقی بلے باز بھی کچھ خاص نہ کر پائے اور قومی ٹیم 164رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ، وہاب ریاض زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے ۔ بھارت کیلئے امیش یادو نے 3،پانڈیا اور جدیجہ نے 2،2جبکہ کمار نے ایک وکٹ لی۔یووراج سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔
وقت اشاعت : 04/06/2017 - 22:59:18