ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سزا پانے والے سری لنکن بولر ملنگا بیمار پڑ گئے ،ْ زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر

ہفتہ 1 جولائی 2017 23:22

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سزا پانے والے سری لنکن بولر ملنگا بیمار پڑ گئے ،ْ زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2017ء) سری لنکن فاسٹ بولر لاستھ ملنگا ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 6 ماہ کی معطل پابندی کی سزا پانے کے بعد ایک اور مشکل میں پھنس گئے اور زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے سے باہر ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاسٹ بولر لاستھ ملنگا وائرل فلو کا شکار ہو گئے ہیں جس پر ڈاکٹرز نے انہیں دو دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ملنگا اتوار کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ لکشن سنڈاکن بھی اسی وائرس کا شکار ہوکر زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے سے باہر ہوگئے تھے۔ ملنگا نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میں 51 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی اور یہ میچ زمبابوے نے 6 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی لاستھ ملنگا پر سری لنکن وزیر کھیل کو بندر سے تشبیہ دینے پر 6 ماہ کی معطل پابندی عائد کی گئی تھی۔

سری لنکن وزیر کھیل دیا شری جیاسیکارا نے چیمپیئنز ٹرافی میں ناقص پرفارمنس پر سری لنکن کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں اپنی فٹنس بہتر بنانے کیلئے 3 ماہ کا وقت دیا ہے، اس کے علاوہ ان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف منتخب ہونے والے تمام کھلاڑی عالمی معیار کی فٹنس نہیں رکھتے۔
وقت اشاعت : 01/07/2017 - 23:22:58