دورہ بنگلہ دیش کیلئے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا اعلان

انجری کے سبب مچل اسٹارک اور جیمز پیٹنسن سیریز سے باہر ،جیکسن برڈ شامل ، لیگ اسپنر مچل سواپسن کو بھی اسکواڈ کا حصہ،اسٹیون اسمتھ قیادت کرینگے ، ڈیوڈ وارنر نائب کپتان ہوں گے ٹور میچ کے بعد سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک میرپور میں کھیلا جائیگا

ہفتہ 5 اگست 2017 23:04

دورہ بنگلہ دیش کیلئے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا اعلان
میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2017ء) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ بنگلہ دیش کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا جہاں انجری کے سبب مچل اسٹارک اور جیمز پیٹنسن سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ آسٹریلین فاسٹ باؤلرز مچل سٹارک اور جیمز پیٹنسن انجریز کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور جیکسن برڈ کو پیٹنسن کے متبادل کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں متوقع اسپن وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئنز لینڈ کے لیگ اسپنر مچل سواپسن کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔سواپسن رواں سال کے اوائل میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کینگروز سکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں ڈیبیو کرنے کا موقع نہیں مل سکا تھا۔آسٹریلوی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گی۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت اسٹیون اسمتھ کریں گے جبکہ ڈیوڈ وارنر نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں ایشٹن ایگار، ہلٹن کارٹرائٹ، پیٹ کمنز، پیٹر ہینڈز کومب، میتھیو ویڈ، جوش ہیزل ووڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لائن، گلین میکسویل، جیمز پیٹنسن، میٹ رینشا اور مچل سواپسن شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم دورہ بنگلہ دیش کا آغاز دو روزہ ٹور میچ سے کرے گی جو 22 سے 23 اگست تک کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک میرپور جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 ستمبر تک چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 05/08/2017 - 23:04:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :