مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں:عمر اکمل کا الزام،ٹیسٹ کرکٹر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں :ہیڈ کوچ

بدھ 16 اگست 2017 17:58

مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں:عمر اکمل کا الزام،ٹیسٹ کرکٹر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں :ہیڈ کوچ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16اگست۔2017ئ) چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ ہونے والے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی ،بولے کہ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں اور کوچنگ سٹاف بھی انکے ساتھ ملا ہوا تھا ۔دوسری جانب مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کی تردید کردی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ ٹریننگ کرنے نیشنل کرکٹ اکیڈمی گئے جہاں ٹرینر نے انہیں ٹریننگ کروانے سے منع کردیا ، وہ شکایت لیکر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے پاس پہنچے جنہوں نے انہیں کلب کرکٹ کھیلنے کا کہنے کے ساتھ ساتھ گالیاں دیں اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی انہیں نہیں روکا جبکہ کوچنگ سٹاف بھی ان کے ساتھ ملا ہوا تھا،مجھے ناجائز وارننگ دیکر ٹیم سے نکالا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

عمر اکمل کا مزید کہنا تھا کہ مکی آرتھر دیگرکھلاڑیوں کو بھی گالیا ں دیتے ہیں ، انگلینڈ میں بھی انہیں ٹیم منیجر کے سامنے فٹنس ٹیسٹ میں فیل کرنے کے ساتھ ساتھ برا بھلا کہا گیا ،میں کوچنگ سٹاف کے اس رویے کی جانب پی سی بی کی توجہ دلانا چاہتا ہوں کیوں وہ کرکٹ بورڈ کے ملازم ہیں ۔ٹیسٹ کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ گھٹنے کی انجری دورہ آسٹریلیا کے دوران ہوئی تھی اور ٹرینر نے ہی مجھے اس کا علا ج کروانے کا کہا تھا ۔دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزمات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 27سالہ بلے باز کو کہا تھا کہ اپنی طرف دیکھو اور بہتری لاﺅ،تم ٹیم سٹاف کو میر ے خلاف استعمال نہیں کرسکتے ہو،ٹیم میں واپسی کے لیے سیدھے راستے سے آنے کی کوشش کرنا ہوگی ۔

وقت اشاعت : 16/08/2017 - 17:58:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :