قومی ویمنز ٹیم کے نئے کوچ پلیئرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی متاثر کن اور کھیل میں بہتری لانے کیلیے خاصا جوش و خروش نظر آ رہا ہے، مارک کولس

جمعرات 5 اکتوبر 2017 23:33

قومی ویمنز ٹیم کے نئے کوچ پلیئرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2017ء) قومی ویمنز ٹیم کے نئے کوچ مارک کولس نے پلیئرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ رواں ماہ یو اے ای میں شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ مارک کولس کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فزیکل ٹریننگ کے بعد بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ اور فٹنس کی بھر پور ٹریننگ کی، کیمپ میں شریک پلیئرز نے بوائز ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچ بھی کھیلا۔

مارک کولس نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی متاثر کن اور کھیل میں بہتری لانے کیلیے خاصا جوش و خروش نظر آ رہا ہے، تاہم کچھ شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، پریکٹس میچ میں چند پلیئرز نے اپنی صلاحیتوں کی جھلک دکھائی ہے، وکٹوں کے درمیان رننگ اور دیگر معاملات حل طلب ہیں جن پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیمپ کیلیے منتخب پلیئرز میں ثنائ میر، بسمعہ معروف، جویریہ ودود، ناہیدہ بی بی، سدرہ امین، سعدیہ یوسف، ارم جاوید، ڈیانا بیگ، وحیدہ اختر، عائشہ ظفر، ایمان انور، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، انعم امین، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، فریحہ محمود، ماہم طارق، فضیلہ اخلاق، کائنات حفیظ، رامین شمیم، نطالیہ پرویز‘ فاطمہ ثنا، عذرا فاروق، عائشہ ناز، لبنیٰ بہرام، سعدیہ اقبال، ندا راشد اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزکھیلے گی جو کہ 31اکتوبر سے شارجہ میں شروع ہوں گے۔۔
وقت اشاعت : 05/10/2017 - 23:33:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :