دونوں میچز میں جیت کے قریب پہنچ کر شکست پر مایوسی ہوئی، بطور کپتان پہلی ٹیسٹ سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے،

غلطیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں بہتر کھیل پیش کریں گے، سرفراز احمد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، چندیمل ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا باعث اعزاز ہے، کرونارتنے

منگل 10 اکتوبر 2017 23:17

دونوں میچز میں جیت کے قریب پہنچ کر شکست پر مایوسی ہوئی، بطور کپتان پہلی ٹیسٹ سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے،
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) پاکستانی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں جیت کے قریب پہنچ کر شکست پر بے حد مایوسی ہوئی، ٹیسٹ کپتانی مشکل ہے تاہم میں نے پہلی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے، غلطیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں بہتر کھیل پیش کریں گے، سری لنکن قائد دنیش چندیمل نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، مین آف میچ اور مین آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے والے دیمتھ کرونارتنے نے کہا کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا باعث اعزاز ہے۔

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 68 رنز سے ہرا کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کی۔ میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ آئی لینڈرز کے خلاف ہم دونوں میچز جیتنے کی پوزیشن میں تھے تاہم جیت کے قریب پہنچ کر ناکامی پر سخت مایوسی ہوئی، سیریز کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی تھی لیکن بڑی پارٹنرشپس قائم نہ کرنے کی وجہ سے ہمیں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی تاہم مستقبل میں بہتر کھیل پیش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی کامیابی کا کریڈٹ سپنرز کو جاتا ہے، باالخصوص طور پر ہیراتھ نے غیرمعمولی بائولنگ کی، ٹیسٹ کپتانی مشکل ہے تاہم میں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کی ضرورت ہے امید ہے کہ وہ مستقبل میں بہتر پرفارم کر کے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان چندیمل نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، بھارت کے ہاتھوں ہوم سیریز میں تینوں فارمیٹس میں 9-0 سے شکست کے بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح بلاشبہ کھلاڑیوں کا بڑا کارنامہ ہے، سلیکٹرز نے ہم پر اعتماد کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، گرین شرٹس کے خلاف سیریز میں کھلاڑی گیم پلان کے مطابق کھیلے اور ہمیں کامیابی ملی۔

کرونارتنے نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنے پر بہت خوشی ہوئی، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو مزید فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔
وقت اشاعت : 10/10/2017 - 23:17:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :