فاٹا فٹبال سپرلیگ ٹورنامنٹ کا آغاز، وفاقی وزیر سیفران غالب خان نے افتتاح کیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:23

فاٹا فٹبال سپرلیگ ٹورنامنٹ کا آغاز، وفاقی وزیر سیفران غالب خان نے افتتاح کیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) ملک کی پہلی فاٹا سپر فٹبال لیگ چیمپئن شپ گزشتہ روز پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی اس موقع پرافتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر سیفران غالب خان تھے ان کے ہمراہ چیف آرگنائزر و فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شینواری ‘سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان ‘سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ ‘ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا محمد نواز خان ‘صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر علی شاہ ‘سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال ‘کنٹونمنٹ بورڈ کے نائب صدر وارث خان آفریدی‘اے آئی پی ایس کے نومنتخب سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘چیمپئن شپ لیگ سسٹم کی بنیاد پر کھیلی جا رہی ہے جس میں درہ ایگل‘باجوڑ سٹارز‘شمس یونائٹیڈ ‘ملک سعد فالکنز‘غازی عجب خان ‘خیبر گرین ازمرے‘ینگ جمرود ‘ایف سی یونائٹیڈ ‘کرم شاہین ‘خیبر ایگل ‘فا الحاج گروپ ‘فقیر ایپی سائوتھ وزیرستان کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ان میں پاکستان کے ممتاز فٹبالرز کے ساتھ انڈونیشیا ‘ملائشیا ‘افغانستان اور تھائی لینڈ سے بھی انٹرنیشنل کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ‘گزشتہ روز ہونیوالے پہلے میچ میں غازی عجب خان کی ٹیم نے خیبر گرین ازمرے کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ‘میچ کا پہلا گول پانچویں منٹ میں خیبر گرین کے اشفاق نے کیا ‘غازی عجب خان کی طرف سے جاوید نے دسویں منٹ میں گول کرکے خیبرگرین کی برتری ختم کر دی‘جاوید نے پچیسویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جبکہ کھیل کے آخری لمحات میں 55 ویں منٹ میں غازی عجب خان کی طرف سے ظہور خان نے گول کرکے ٹیم کی جیت یقینی بنا دی ‘افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سیفران غالب خان ‘انجنیئر شوکت اللہ اور چیف آرگنائزرشاہد خان شینواری نے اس لیگ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کوشاں ہے اور اس قسم کی سرگرمیوںکی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے لئے لاکھوں کی انعامی رقوم رکھی گئی ہیں اور آئندہ بھی اس قسم کے ٹورنامنٹس کا انعقاد ہوتا رہے گا اس سے ہمیں اچھے کھلاڑی میسر آئیں گے اور انٹرنیشنل فٹبالرز کی موجودگی سے دنیا بھر میں امن کا پیغام جائے گا۔

وقت اشاعت : 13/10/2017 - 18:23:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :