حسن علی ون ڈے کے نمبر ون بائولر بن گئے، ڈی ولیئرز نے ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:28

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حسن علی چھ درجے ترقی پاکر ون ڈے کے نمبر ون بائولر بن گئے، ڈی ولیئرز نے بیٹنگ میں ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ آل رئونڈرز میں محمد حفیظ پہلے نمبر پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ روز ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حسن علی نمبر ون بائولر بن گئے۔

سری لنکا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر حسن علی کی چھ درجے ترقی ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر چکے گئے، آسٹریلیا کے جوش ہیزلووڈ تیسرے، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادہ چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک پانچویں نمبر پر چلے گئے ۔

(جاری ہے)

بیٹنگ میں جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارت کے کپتان ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

پاکستان کے بابر اعظم دو درجے ترقی پاکر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے سے تیسرے چلے گئے جبکہ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک تین درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل رائونڈرز کی درجہ بندی میں محمد حفیظ پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 20/10/2017 - 15:28:54