شاہد آفریدی نے ایک اور ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ہفتہ 18 نومبر 2017 16:35

شاہد آفریدی نے ایک اور ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18نومبر2017ئ)مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بہترین باﺅلنگ پرفارمنس کے دوران نیا ریکارڈ بنا ڈالا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکہ ڈائنا مائٹس کی نمائندگی کررہے ہیں اور آج راجشاہی کنگز کیخلاف مقابلے میں وہ بیٹنگ میں تو کچھ خاص کرنے میں ناکا م رہے تاہم باﺅلنگ کریز پر آتے ہی انہوں نے مخالف ٹیم کے چھکے چھڑاتے ہوئے اپنے مقررہ4اوورز میں 26رنز دیکر 4شکار کرڈالے ،یہ ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر میں 11واں موقع تھا جب انہوںنے ایک اننگ میں 4یا اس سے زائد شکار کیے جس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بننے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن کے ہم پلہ ہوگئے ہیں ،آفریدی سے قبل عمر گل اور یاسر عرفات نے پاکستان کے لیے10مرتبہ ایک اننگ میں 4یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کررکھی تھیں۔

اس فہرست میں پہلا نمبر سری لنکن فاسٹ باﺅلر لاستھ مالنگا کا ہے جنہوں نے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر میں 12مرتبہ اننگ میں 4یا اس سے زیادہ شکار کررکھے ہیں ۔آفریدی اب تک260ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں22.01کی اوسط سے281شکار کرچکے ہیں ۔
وقت اشاعت : 18/11/2017 - 16:35:49