فضائی آلودگی: بھارتی ڈاکٹر ز نے بھی دہلی ٹیسٹ جاری رکھنے کے مخالفت کردی

منگل 5 دسمبر 2017 16:15

فضائی آلودگی: بھارتی ڈاکٹر ز نے بھی دہلی ٹیسٹ جاری رکھنے کے مخالفت کردی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5دسمبر2017ء)نئی دہلی ٹیسٹ میں مہمان سری لنکن ٹیم کی جانب سے سموگ کے باعث سانس لینے میں مشکلات کی شکایت کے بعد بھارت میں نئی بحث چھڑ گئی اور اب بھارتی ڈاکٹروں نے بھی نئی دہلی ٹیسٹ جاری رکھنے کی مخالفت کردی ہے ۔ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز شدید سموگ کی وجہ سے سری لنکن کھلاڑیوں کی شکایت پر 3 مرتبہ میچ روکنا پڑا۔

مہمان ٹیم کے کھلاڑی شکایت کرتے رہے ہیں کہ انہیں سانس لینے میں مشکلات پیش آرہی ہے ، دو کھلاڑیوں کو قے بھی ہوئی تاہم اس کے باوجود امپائرز نے دہلی ٹیسٹ جاری رکھا۔دوسری جانب انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے امپائرز کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ فضائی آلودگی میں میچ جاری رکھنا کھلاڑیوں کی جان کےلئے خطرے کا سبب بن سکتا ہے،میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر اس ٹیسٹ کے بعد نئی دہلی میں میچز کرائے جانے کے فیصلے پر بھی نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے ۔

(جاری ہے)

انڈیشن میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کے کے اگروال کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے یہاں میچز نہیں ہونے چاہییں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی فضائی آلودگی کے حوالے سے پالیسی واضح کرنی چاہیے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قومی ٹیم کے سابق کپتان عمرن خان نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ” یہ حکومت کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہونا چاہیئے ، بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے سبب ہمارے بچے شدید خدشات سے دوچار ہورہے ہیں ،ہمیں اپنی قوم کو جگا نے کے ساتھ ساتھ اسے فضائی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کے لیے تیار کرنا ہوگا ۔

دوسری جانب بی سی سی آئی حکام نے دہلی میں فضائی آلودگی اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل پرتبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ سری لنکن کھلاڑیوں پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ دہلی ٹیسٹ میں شکست سے بچنے کےلئے بہانے کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 05/12/2017 - 16:15:11