تیسرا ایشز ٹیسٹ، میلان اور بیئرسٹو کینگروز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے

- ْ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے روز پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا لئے 131 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد میلان اور بیئرسٹو نے 174 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، میلان 110 اور بیئرسٹو 75 رنز پر ناقابل شکست

جمعرات 14 دسمبر 2017 20:48

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2017ء) آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا لئے، ڈیوڈ میلان نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 110 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ جونی بیئرسٹو 75 پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ مارک سٹونمین نے نصف بنائی، مچل سٹارک نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پرتھ میں شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 26 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب ایلیسٹر کک 7 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

(جاری ہے)

89 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب جیمز ونس 25 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزلووڈ کی گیند پر ٹم پائن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

کپتان جو روٹ بھی اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 20 رنز بناکر پیٹ کمنز کا نشانہ بن گئے۔ مارک سٹونمین نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں مچل سٹارک نے آئوٹ کیا۔ اس موقع پر ڈیوڈ میلان اور جونی بیئرسٹو نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی، دونوں نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 305 تک پہنچا دیا۔ ڈیوڈ میلان نے پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 110 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں جبکہ بیئرسٹو 75 پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ مچل سٹارک نے دو جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ۔
وقت اشاعت : 14/12/2017 - 20:48:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :