امید ہے اسلام آبادیونائیٹڈ ایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن بنے گی : آندرے رسل

ہفتہ 6 جنوری 2018 16:26

امید ہے اسلام آبادیونائیٹڈ ایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن بنے گی : آندرے رسل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6جنوری2018ء)پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن اگلے ماہ شروع ہونے والا ہے اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور ، کراچی اور متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایونٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے ہی چہل پہل شروع ہوگی ہے اور تمام فرنچائزز نے ایونٹ کے لیے اپنی اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ کا تیسرا ایڈیشن بھی جیتنے کے لیے پرعزم ہے اور ویسٹ انڈین آل راﺅنڈ آندرے رسل کی سکواڈ میں واپسی نے ان کا مورال بھی بلند کردیا ہے ۔

پاکستان سپر لیگ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداحوں کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں آندرے رسل کاکہنا تھا کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک اور ٹائٹل جتوانے کے لیے بے تاب ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنے ویڈیو پیغام میں آندرے رسل نے کہا کہ ” آپ سب کو پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن میں نظر آﺅں گا ، منتظر ہوں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن بنے،امید کرتا ہوں کہ 2018ءسال2017ءسے بہتر ثابت ہوگا “ ۔

یاد رہے کہ آندرے رسل پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باﺅلر بنے تھے، انہوں نے17.25کی اوسط سے 16وکٹیں حاصل کی تھیں ،ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث وہ ایونٹ کے دوسر ے ایڈیشن میں حصہ نہیں لے سکے تھے ۔پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22فروری کو شروع ہوگااور موجودہ چیمپئن پشاور زلمی پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے مقابل ہوں گے۔ 

وقت اشاعت : 06/01/2018 - 16:26:45