چار ملکی ایشین رگبی چیمپئن شپ، قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے پہلے مرحلے کا آغاز (آج) ہو گا

جمعہ 23 فروری 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) پاکستان رگبی یونین (پی آر یو) کے زیر اہتمام رواں برس قازقستان میں شیڈول چار ملکی ایشین رگبی چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلے میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ (آج) ہفتہ سے ایف ٹین رگبی گرائونڈ، اسلام آباد میں ہو گا۔ ایونٹ 15 سے 20 مئی تک قازقستان میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، منگولیا اور ازبکستان کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

(جاری ہے)

پی آر یو کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایشین رگبی چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلے میں قومی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا آغاز آج ہفتہ سے اسلام آباد میں ہو رہا ہے، کیمپ کیلئے مدعو کئے گئے 50 ممکنہ کھلاڑی حصہ لیں گے جنہیں پروفیشنل کوچ تربیت دیں گے، کیمپ اسلام آباد اور لاہور میں ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو جاری رہا کریں گے، پی آر یو کے حکام نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ایونٹ کیلئے مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ وہ بہترین نتائج دے۔ چیمپئن شپ میں حتمی قومی ٹیم کا اعلان اپریل کے آخری ہفتے میں کیا جائے گا، طے شدہ شیڈول کے تحت قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے 14 مئی کو قازقستان روانہ ہو گی۔
وقت اشاعت : 23/02/2018 - 16:20:05