کامران اکمل فائنل میں اپنی ناقص کیپنگ پر تنقید کرنے والوں سے ناخوش

منگل 27 مارچ 2018 11:49

کامران اکمل فائنل میں اپنی ناقص کیپنگ پر تنقید کرنے والوں سے ناخوش
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مارچ2018ئ)پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین آصف علی کا انتہائی اہم کیچ چھوڑنےوالے پشاور زلمی کے وکٹ کیپر کامران اکمل خود پر تنقید کرنے والوں پر برہم ہوگئے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ کیچ چھوڑنے پر کس بات کا افسوس کروں؟،یہاں بولنا بڑا آسان ہوتا ہے، مجھے پتا ہے کہ میں اپنی انجری کے ساتھ کس طرح کھیلا۔

(جاری ہے)

کامران اکمل نے مزید کہا کہ تنقید کرنے والوں کو ساری صورتحال کا علم ہونا چاہیے، لوگوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ میں نے ٹیم کے لیے کیا کچھ کیا،تنقید کرنےوالوں کو فائنل نظر آرہا ہے لیکن کوئی یہ نہیں دیکھ رہا کہ ہم کس طرح فائنل میں پہنچے ہیں، میں نے پورا ٹورنامنٹ انجری اور سخت تکلیف برداشت کر کے کھیلا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل فائنل کے انتہائی اہم موڑ پر کامران اکمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین آصف علی کا کیچ ڈراپ کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے حسن علی کو لگاتار تین چھکے لگاکر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا۔آصف علی کا کیچ ڈراپ کرنے پر سوشل میڈیا پر کامران اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وقت اشاعت : 27/03/2018 - 11:49:27