ٹی ٹونٹی سیریز،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کامیابی کیلئے بڑا ہدف دیدیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 1 اپریل 2018 21:53

ٹی ٹونٹی سیریز،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کامیابی کیلئے بڑا ہدف دیدیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2018 ء)تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 204رنز کا ہدف دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے بعد 9 برس بعد کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی، اس ضمن میں ون انڈیز اور پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

مہمان ٹیم کے کپتان کی دعوت پر پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخرزمان اور بابراعظم میدان میں آئے، پہلے اوور سے ہی شاہینوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور چار اوورز میں 46 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم اگلے ہی اوور میں اوپنر بابر اعظم 17 کے انفرادی اسکور پر آﺅٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے۔ون ڈاﺅن آنے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے جنہوں نے فخر زمان کے ساتھ 19 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، ساتویں اوور میں فخر زمان 24 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ویسٹ انڈیزکےخلاف تیسری وکٹ 140رنز کے مجموعی سکور پر گری جب حسین طلعت 41 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، انہوں نے کپتان کے ساتھ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز کی شراکت داری قائم کی،سولہویں اور سترہویں اوور میں کپتان اور آصف علی آﺅٹ ہوئے، سرفراز احمد نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آصف علی صرف ایک کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے۔

قبل ازیں مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان جیسن محمد نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں حسین طلعت اور آصف علی اپنا ٹی ٹونٹی ڈیبیو کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے، کوشش ہو گی کہ 160 سے زائد رنز بنائیں اور پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم اننگز کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شائقین کی تعداد دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 01/04/2018 - 21:53:19