روس نے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی

میزبان ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں سپین کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 4-3 گولز سے اپ سیٹ شکست دی

اتوار 1 جولائی 2018 22:30

روس نے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی
سینٹ پیٹرز برگ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) روس اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، میزبان ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں 2010ء کی عالمی چیمپئن اسپینش ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 4-3 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، مقررہ اور اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گولز سے برابر رہا تاہم پنالٹی شوٹ آئوٹ پر میزبان روس نے سپین کو 4-3 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، روسی گول کیپر ایگور آکن فیو نے دو پنالٹی شوٹ آئوٹ کا دفاع کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں روس اور سپین کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے روس کا ساتھ دیا اور اس نے سپین کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3 کے مقابلے میں 4 گولز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، میچ کے 12ویں منٹس میں روس کے اگناشیووچ نے اون گول کر کے سپین کو 1-0 گول کی برتری دلائی، 41ویں منٹس میں روس کے ڈی زوبا نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، اضافی وقت میں بھی جب مقابلہ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا تو میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پنالٹی شوٹ آئوٹ دیئے گئے، میزبان روس نے سپین کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 4-3 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

وقت اشاعت : 01/07/2018 - 22:30:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :