نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 578 رنز پر آئوٹ، ٹام لیتھم کی تاریخ ساز 264 رنز کی ناقابل شکست اننگز، ٹیلر اور نیکولز 50، 50 رنز بنا کر آئوٹ، سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار، 3 وکٹوں پر 20 رنز بنا لئے، آئی لینڈرز کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 276 رنز درکار

پیر 17 دسمبر 2018 15:14

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) ٹام لیتھم کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہو گئی، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 578 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے مہمان سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 296 رنز کی برتری حاصل کی، لیتھم ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، انہوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی اور 264 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، روز ٹیلر اور ہنری نیکولز 50، 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، لاہیرو کمارا نے 4 وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور 20 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے ہیں، مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 276 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو ویلنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 311 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 121 اور روز ٹیلر 50 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں لاہیرو کمارا نے ٹیلر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، وہ 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے لیکن اس کے بعد ہنری نیکولز نے لیتھم کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 114 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، 426 کے سکور پر پریرا نے نیکولز کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 50 رنز بنائے، بی جے واٹلنگ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس کے بعد لیتھم نے کولن ڈی گرینڈ ہوم کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 499 تک پہنچا دیا، یہاں پر ڈی سلوا نے گرینڈہوم کو آئوٹ کر کے پویلین بھیج دیا، انہوں نے 49 رنز بنائے، اس کے بعد کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک لیتھم کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 578 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، لیتھم نے کیریئر بہترین 264 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے، ٹم سائوتھی اور اعجاز پٹیل 6، 6 ٹرینٹ بولٹ 11 اور نیل واگنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، لاہیرو کمارا نے 4، دلروون پریرا اور دھنن جایا ڈی سلوا نے 2، 2 اور سرنگا لکمل نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں 296 رنز کے خسارے کے ساتھ سری لنکن ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 20 کے سکور پر اس کے تین کھلاڑی آئوٹ ہو چکے ہیں، آئی لینڈرز کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 276 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں، گونا تھلیکا 3، کرونارتنے 10 اور دھنن جایا ڈی سلوا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، کوسل مینڈس 5 اور اینجلو میتھیوز 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ٹم سائوتھی نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 17/12/2018 - 15:14:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :