جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا نے آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگل ٹائٹل جیت لیا

اوساکا نے فیصلہ کن معرکے میں کویٹووا کو شکست دے کر عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی

ہفتہ 26 جنوری 2019 19:01

جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا نے آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگل ٹائٹل جیت لیا
میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2019ء) جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا نے آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگل ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں پیٹرا کویٹووا کو شکست دے کر نہ صرف بیک ٹو بیک گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی، وہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہونے والی پہلی ایشین کھلاڑی بن گئی ہیں، انہوں نے رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ سے ٹاپ پوزیشن چھینی ہے، اس کے علاوہ اوساکا نے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے، اس سے قبل یہ اعزاز ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو حاصل تھا جنہوں نے 2010ء میں 20 برس کی عمر میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو آسٹریلیا میں کھیلے گئے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن ویمنز سنگل فائنل میں نائومی اوساکا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا کو زبردست مقابلے کے بعد 7-6، (7-2)، 5-7 اور 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، انہوں نے پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا ہے جبکہ یہ ان کا مسلسل دوسرا گرینڈ سلام ٹائٹل ہے، انہوں نے گزشتہ برس منعقدہ سال کا آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔
وقت اشاعت : 26/01/2019 - 19:01:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :