فیفا ورلڈکپ فائنل پر 26 ہزار اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے

ہفتہ 12 جولائی 2014 15:34

فیفا ورلڈکپ فائنل پر 26 ہزار اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے

ساؤ پاؤلو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جولائی 2014ء) اتوار کو ماریکانہ اسٹیڈیم پر جرمنی اور ارجنٹائن کے فائنل کے موقع پر 26 ہزار پولیس اورفوجی اہلکار سیکیورٹی خدمات پر مامور ہوں گے۔ فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً 77 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے، دوسری جانب جرمن پلیئر بینیڈکٹ ہوویڈس نے برازیلین شائقین سے فائنل میں اپنی ٹیم کی حمایت کیے جانے کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق فائنل میں اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ ریو میں گذشتہ دن مرکزی برازیلین حکومت اور فیفا کے درمیان ہونیو الے اجلاس میں ہوا، اس بات کا اعلان برازیلین جسٹس منسٹر جوز ایڈورڈو کارڈوزو نے کیا، فیصلہ کن معرکے کودیکھنے کیلیے ہمسایہ ارجنٹائن سے بڑی تعداد میں شائقین فٹبال کی برازیل آمد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے تقریباً 77 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے،جسٹس منسٹر کارڈوزو نے جرمنی کے ہاتھوں برازیل کی 1-7 سے بدترین شکست پر کہا کہ اگرچہ ہم میدان میں مقابلہ ہارگئے ہیں لیکن میدان سے باہر ہم نے یہ ورلڈ کپ جیت لیا ہے، میگا ایونٹ کی شاندار میزبانی پر دنیا بھر سے ہماری ستائش جاری ہے، دوسری جانب جرمن فارورڈ بینیڈکٹ ہوویڈس نے فائنل میں برازیلین شائقین سے اپنی ٹیم کی حمایت کرنے کی اپیل کردی، میڈیا سے بات چیت میں جرمن پلیئر بینیڈکٹ ہوویڈس نے کہا کہ ہم سب برازیل کے شائقین سے حمایت کی امید کر رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ جس طرح برازیل کے شائقین نے ہماری جیت پر جشن منایا، یہ بہت ہی اچھا پیغام تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام راستے پر برازیل کے شہری ہمارے لیے تالیاں بجا کر ہماری حوصلہ افزائی کر رہے تھے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں فیورٹ سمجھا جا رہا ہے، لیکن ہماری ٹیم اتنی سمجھ دار ہے کہ وہ اس قسم کی باتوں کی وجہ سے بھٹکنے والی نہیں، ارجنٹائن تیسری دفعہ عالمی کپ جیتنے کی کوشش میں ہے جبکہ جرمنی چوتھی بار عالمی فٹبال کا تاج اپنے سرپر سجانا چاہتا ہے، واضح رہے کہ جرمنی نے سیمی فائنل میں برازیل کو1-7 کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا۔

وقت اشاعت : 12/07/2014 - 15:34:26