پرتھ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے

بدھ 30 نومبر 2022 20:08

پرتھ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے
پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے، مارنس لبھوشین نے 154 رنز کی شاندار ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ بدھ کو پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میزبان آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا لئے، کینگروز کی پہلی وکٹ صرف 9 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد عثمان خواجہ اور مارنس لبھوشین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی سکور کو 151 رنز تک پہنچا دیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے عثمان خواجہ دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے 65 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد نئے آنے والے بیٹر سٹیون سمتھ نے مارنس کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر مجموعی سکور کو 293 تک پہنچا دیا۔ دونوں بیٹرز نے 142 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کی۔ مارنس لبھوشین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ سٹیون سمتھ 59 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیڈن سیلس اور کائل میئرز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 20:08:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :