شطرنج کا مشہور کھلاڑی خاتون کے بھیس میں ٹورنامنٹ کھیلتے پکڑا گیا

25 سالہ سٹینلے اومونڈی نے Millicent Awour کے نام سے رجسٹریشن کرائی اور برقع پہن کر اور عینک پہن کر اپنا بھیس بدل کر ٹورنامنٹ کھیلا، انکے شاندار کھیل نے منتظمین کو شک میں ڈالا اور تحقیقات میں بھانڈا پھوٹ گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 اپریل 2023 15:26

شطرنج کا مشہور کھلاڑی خاتون کے بھیس میں ٹورنامنٹ کھیلتے پکڑا گیا
نیروبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اپریل 2023ء ) مالی ضروریات کی وجہ سے کینیا سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ شطرنج کا کھلاڑی سٹینلے اومونڈی اپنے ملک کے خواتین اوپن شطرنج ٹورنامنٹ میں دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ اپنی شناخت چھپانے کی کوشش میں اومونڈی نے Millicent Awour کے نام سے رجسٹریشن کرائی اور برقع پہن کر اور عینک پہن کر اپنا بھیس بدل لیا۔

Chess.com نے رپورٹ کیا کہ یہ دھوکہ اس وقت سامنے آیا جب ٹورنامنٹ کے عملے کو اس کی شاندار کامیابی پر شک ہو گیا اور اس نے چوتھے راؤنڈ کے بعد تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ اومونڈی کو ایک پرائیویٹ کمرے میں لے جایا گیا اور شناخت کے لیے کہا گیا اور آخر کار اس نے سچائی کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ایک یونیورسٹی کا طالب علم تھا جسے مالی مشکلات کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

سٹینلے اومونڈی نے کہا کہ "اس کی وجہ مالی ضروریات تھی لیکن مجھے اپنے عمل پر گہرا افسوس ہے اور میں تمام نتائج کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوں،" اومونڈی، جن کی بین الاقوامی کلاسیکل ریٹنگ 1500 کے قریب اور بلٹز ریٹنگ 1750 کے قریب ہے، کو تادیبی کارروائی ہونے تک ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا ہے، اس نے جو پوائنٹس سکور کیے ان کو الٹ کر ان کے مخالفین کو دیا گیا۔ کینیا اوپن، ملک کے دارالحکومت نیروبی میں منعقد ہونے والے سالانہ مقابلے میں اس سال 22 ممالک کے 400 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
وقت اشاعت : 17/04/2023 - 15:26:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :