رضوان نے پاکستان ٹیم پر قبضہ کررکھا ہے : سکندر بخت

دورہ سری لنکا میں رضوان خود فیلڈنگ کرنے چلے گئے، آپ سرفراز کی طرح بطور 12واں کھلاڑی پانی لیکر آتے تو ہمیں اچھا لگتا ، ہریرہ بغیر کوئی میچ کھیلے واپس آگیا: سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 اگست 2023 12:53

رضوان نے پاکستان ٹیم پر قبضہ کررکھا ہے : سکندر بخت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اگست 2023ء ) سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور نائب ٹیسٹ کپتان محمد رضوان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے قومی ٹیم پر قبضہ کررکھا ہے ۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے 65 سالہ سکندر بخت نے کہا کہ محمد رضوان نے قومی ٹیم پر مکمل قبضہ کر رکھا ہے، میں 4 سال سے ہر ایک سے پوچھ رہا ہوں کہ کنکشن قانون کیا ہے ، مجھے کہا جاتا کہ سر پر گیند لگے تو یہ قانون عمل میں آتا ہے ، سرفراز احمد کو سر پر گیند لگی ، پتہ نہیں وہ کیا دعائیں پڑھ رہے تھے کہ سرفراز کو گیند لگ گئی۔

سکندر بخت نے مزید کہا کہ ایک دفعہ محمد رضوان نے میچ کے دوران خود سے کپتانی شروع کردی تھی ، میری آج تک رضوان سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی میری ایسی کوئی خواہش ہے لیکن دیکھ کر پتہ چل جاتا ہے کہ رضوان نے قومی ٹیم پر پورا قبضہ کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سکندر بخت کا مزید کہنا تھا کہ دورہ سری لنکا پر ایک نئے کھلاڑی ہریرہ کو لے کر گئے ہیں لیکن اسے میچ کے دوران گرائونڈ میں فیلڈنگ تک کرنے کے لیے نہیں بھیجا گیا بلکہ محمد رضوان خود فیلڈنگ کرنے میدان میں چلے گئے، آپ بطور سیکنڈ وکٹ کیپر ٹیم کے ساتھ ہیں تو آپ فیلڈنگ کیوں کریں گے ، دنیا میں کہاں ایسا ہوتا ہے کہ سیکنڈ وکٹ کیپر آکر فیلڈنگ شروع کردے ، آپ سرفراز کی طرح بطور 12واں کھلاڑی پانی لے کر آتے تو ہمیں اچھا لگتا ، ہریرہ بغیر کوئی میچ کھیلے واپس آگیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سکندر بخت نے محمد رضوان کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے ہوئے کہا تھا کہ رضوان نے کہا کہ میں سرفراز کو کبھی ٹیم میں واپسی نہیں کرنے دوں گا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب سرفراز ٹیم میں تھے تو انہوں نے بھی رضوان کو کھیلنے نہیں دیا تھا۔
وقت اشاعت : 09/08/2023 - 12:53:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :