ون ڈے فارمیٹ کو’ورلڈکپ کرکٹ‘قرار دینے کی تجویز

بدھ 18 فروری 2015 11:35

ون ڈے فارمیٹ کو’ورلڈکپ کرکٹ‘قرار دینے کی تجویز
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18۔فروری 2015ء ) آسٹریلیا نے ون ڈے فارمیٹ کی مقبولیت کے لیے اسے’ ورلڈکپ کرکٹ ‘قرار دینے کی تجویز پیش کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ویلی ایڈورڈز کے عہدے کی مدت میں اب صرف 8ماہ باقی رہ گئے، اکتوبر میں ان کی جگہ بورڈ کے موجودہ منیجنگ ڈائریکٹر ریو ٹنٹو سنبھال لیں گے اس لیے ایڈورڈز جانے سے پہلے ون ڈے کرکٹ کا مستقبل محفوظ بنانے کے خواہاں ہیں، اس سلسلے میں انھوں نے تجاویز میلبورن میں ہونے والے آئی سی سی ایگزیکٹیوز اجلاس میں پیش کردی ہیں، یہ اب آئندہ ہفتے ایک سب کمیٹی کی میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل ہوں گی جس کا کام کھیل کو بہتر بنانا ہے۔

ویلی ایڈورڈز کہتے ہیں کہ میں 50 اوورز کے میچزمیں زیادہ مسابقت دیکھنا پسند کرتا ہوں، اس لیے اسے ’ورلڈ کپ کرکٹ‘ قرار دینے کی تجویز پیش کی ہے، 2 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے درمیانی عرصے میں ایک روزہ کرکٹ اپنی مقبولیت کھونا شروع کردیتی ہے، کچھ بے لطف سیریز سے اس کے مستقبل پر سوالات اٹھنا شروع ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے ایک ایسے سسٹم کی ضرورت ہے جو باہمی سیریز کو زیادہ دلچسپ بنا دے، ہر ورلڈ کپ کے بعد پہلے سال کے دوران پوائنٹس سسٹم سے 2 بہترین ٹیموں کا انتخاب ہونا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان دو ٹیموں کے درمیان سال کے آخر پر بیسٹ آف تھری یا اس قسم کے ایک ہفتے پر مشتمل مقابلے ہوں اور اس کے فاتح کو بھاری انعام دیا جائے۔ اس طرح دوسرے سال میں چیمپئنز ٹرافی ہو جسے میں ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ قرار دینا پسند کروں گا۔ تیسرے سال میں ورلڈ کپ کیلیے رینکنگ کی تکمیل ہو اور پھر چوتھے برس ورلڈ کپ کھیلا جائے، اس طرح ایک ورلڈ کپ سے دوسرے کے درمیان والے برسوں میں بھی ایک روزہ کرکٹ میں دلچسپی برقرار رہے گی۔
وقت اشاعت : 18/02/2015 - 11:35:14