مانچسٹر سٹی نے مسلسل چوتھی مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

پیر 20 مئی 2024 15:39

مانچسٹر سٹی نے مسلسل چوتھی مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا  ٹائٹل جیت لیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی فٹ بال ٹیم نے انگلش پریمیئر لیگ کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔مانچسٹر سٹی کی ٹیم اس فتح کے بعد انگلش پریمیئر لیگ میں یہ کارنامہ انجام دینے والی لیگ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔اتحاد سٹیڈیم ، مانچسٹر میں کھیلے گئے ای پی ایل کے اپنے آخری لیگ میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔

اس میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے حریف ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے نہ صرف شکست دے دی بلکہ انگلش فٹ بال میں نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنے ٹائٹل کا کامیاب انداز میں دفاع کرتے ہوئے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم کو 1-3 گول سے شکست دے کر مسلسل چوتھی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

(جاری ہے)

دفاعی چیمپئن مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے فل فوڈن نے دو جبکہ روڈریگو ہرنینڈزنے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی جانب سے واحد گول محمد قدوس نے سکور کیا۔ اس فتح کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم انگلش پریمیئر لیگ کے ٹیبل پر سب سے زیادہ 91 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہی۔آرسنل کی ٹیم لیگ کے آخری روز فتح کے باوجود دو پوائنٹس کے فرق سے 89 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ لیورپول کی ٹیم 82 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ مانچسٹر سٹی کی ٹیم اب 7 سیزن میں سے 6 ٹائٹل جیت چکی ہے اور حالیہ سیزن جیتنے کے بعد انگلش ٹیم کے طور پر نمایاں حیثیت اختیار کر چکی ہے جس نے مسلسل چار ٹاپ فلائٹ ٹائٹلز جیت کر ماضی کی عظیم ٹیموں لیورپول اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی کامیابیوں پر پانی پھر دیا ہے۔

مانچسٹرسٹی ٹیم مینیجر پیپ گارڈیوولا نے کہا ہے کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ میرے ہوتے ہوئے میری ٹیم گزشتہ سات لیگ سیزن میں سے چھ لیگ سیزن جیت چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی کامیابی ہے جسے میں زندگی میں کبھی فراموش نہیں کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں فتح کا سہرا ٹیم کے تمام کھلاڑی کے سر ہے، جنہوں نے کامیابی کے لئے سرتوڑ کوشش کی اور فتح ان کا مقدر بنی ہے۔

مانچسٹر سٹی اب انگلش ٹاپ فلائٹ کی تاریخ میں پہلی ٹیم ہے جس نے لگاتار چار ٹائٹل جیتے ہیں اورگزشتہ ادوار کی عظیم ٹیموں لیورپول اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی کامیابیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پیپ گارڈیوولا نے مزید کہا کہ 25 مئی کو ویمبلے سٹیڈیم لندن، میں شیڈول ایف اے کپ کے فائنل میں ان کی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے بیک ٹو بیک ڈومیسٹک ڈبلز جیتنے والی پہلی انگلش ٹیم بننے کی بھرپور کوشش کرےگی۔\932
وقت اشاعت : 20/05/2024 - 15:39:00

متعلقہ عنوان :