کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب میں مستقل رہائش کی خواہش کا اظہار

میں اور میرا خاندان یہاں گھر جیسا محسوس کرتے ہیں، پرتگالی فٹبالر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 جولائی 2025 12:27

کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب میں مستقل رہائش کی خواہش کا اظہار
ریاض (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جولائی 2025ء ) عالمی شہرت یافتہ سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں مستقل رہائش کی خواہش کا اظہار کردیا۔
النصر کلب کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنی باقی زندگی سعودی عرب میں گزارنا چاہتے ہیں، سعودی عرب ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے جہاں وہ اور ان کا خاندان خود کو گھر جیسے ماحول میں محسوس کرتے ہیں۔

رونالڈو نے کہا کہ میرا خاندان ہمیشہ میرے فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور ہم یہاں سعودی عرب میں بہت خوش ہیں، اسی لیے ہم نے یہاں اپنی زندگی بسانے کا فیصلہ کیا ہے۔
40 سالہ پرتگالی فارورڈ رونالڈو نے 2022ء کے اختتام پر مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی، اب انہوں نے اپنے کلب کے ساتھ معاہدہ 2027ء تک بڑھا دیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان گزشتہ جمعرات کو کیا گیا۔

(جاری ہے)

رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ سعودی کلب کے ساتھ بڑا ٹائٹل جیتنے کے مشن کو مکمل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے امریکا میں جاری فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو آرام اور تیاری کے لیے مسترد کر دیا۔                                                                                                                   
وقت اشاعت : 01/07/2025 - 12:27:14