ایشیا کپ ،بھارتی سکواڈ کا اعلان کل متوقع، شبھمن گل اور محمد سراج کی شمولیت غیر یقینی

پیر 18 اگست 2025 14:54

ایشیا کپ ،بھارتی سکواڈ کا اعلان کل متوقع، شبھمن گل اور محمد سراج کی شمولیت غیر یقینی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی)کی سلیکشن کمیٹی کل (منگل )کو ممبئی میں اہم اجلاس میں ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کرے گی ، جس میں کئی حیران کن فیصلے متوقع ہیں۔ حالیہ انگلینڈ دورے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز شبھمن گل اور فاسٹ بائولر محمد سراج کی شمولیت غیر یقینی صورت حال اختیار کر چکی ہے۔

شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 750 سے زائد رنز سکور کیے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھارتی بلے باز کی جانب سے سنیل گاوسکر کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ تاہم ایشیا کپ چونکہ ایک مختصر فارمیٹ (ٹی -20 )ٹورنامنٹ ہے، اس لیے ان کی ٹیسٹ کارکردگی کو زیادہ وزن نہیں دیا جا رہا ہے۔شبھمن گل نے حالیہ آئی پی ایل میں بھی بطور اوپنر 650 رنز بنائے تھے ، مگر موجودہ اوپننگ جوڑی ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن کے ساتھ سلیکٹرز کی وابستگی برقرار ہے۔

(جاری ہے)

اگر تیسرے اوپنر کے لیے جگہ بنی تو گل کا نام ضرور زیرِ غور آئے گا، لیکن یشسوی جیسوال اس پوزیشن کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ دونوں میں سے کوئی بھی ایشیا کپ کے لیے منتخب نہ ہو، تاہم اگر ٹیم ڈائریکٹر گوتم گمبھیر شبھمن گل کے حق میں مضبوط موقف اختیار کریں تو ان کی شمولیت کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ادھرفاسٹ بائولر محمد سراج کی فارم پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، اور ممکنہ طور پر ان کی جگہ نوجوان پیسرز کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

سکواڈ کا باضابطہ اعلان کل منگل کو متوقع ہے، جس کے بعد ٹیم کی ایشیا کپ مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کل (منگل ) کوممبئی میں ایشیا کپ 2025 کے لیے سکواڈ کو حتمی شکل دیں گے۔ ذرائع کے مطابق بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر کے شعبوں میں سخت مقابلہ جاری ہے، اور کئی معروف ناموں کی ٹیم میں شمولیت غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق سلیکٹرز روایتی فیصلوں سے ہٹ کر ٹیم تشکیل دے سکتے ہیں، جس سے کئی سینئر کھلاڑی باہر رہ سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 18/08/2025 - 14:54:49