پاکستان ورلڈ سکس ریڈ بال سنوکر چیمپئن شپ سے باہر ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 اگست 2015 15:06

پاکستان ورلڈ سکس ریڈ بال سنوکر چیمپئن شپ سے باہر ہوگیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار11اگست۔2015ء) پاکستان ورلڈ سکس ریڈ بال سنوکر چیمپئن شپ سے باہر ہوگیا ہے،سیمی فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف اور اسجد اقبال کو چینی اور بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روشنیوں کے شہر میں جاری ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں چین کے 15سالہ کھلاڑی یان بینگ تاؤ نے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے اپنے چینی حریف کے خلاف پہلے 3سیٹس میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد چینی کھلاڑی نے چوتھا سیٹ جیت کر میچ میں کم بیک کیا،آصف نے 5واں سیٹ جیت کر اپنی برتری 4-1کی اور اس موقع پر وہ فائنل کے کوالیفائی کرنے کے لیے فیورٹ نظر آرہے تھے تاہم نوجوان چینی کھلاڑی نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے اگلے چاروں سیٹ اپنے نام کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں پاکستان کے اسجد اقبال کا مقابلہ بھارت کے پنکچ ایڈوانی سے ہوا۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلے 2سیٹ اپنے نام کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی تاہم ایڈوانی نے اگلے 3 سیٹ اپنے نام کر کے مقابلہ 3-2کیا،اسجد نے چھٹا سیٹ پھر ایڈوانی نے 7واں اور ایک بار پھر اسجد نے 8واں سیٹ اپنے نام کرکے مقابلہ 4-4سے برابر کیا۔ میچ کے آخری فریم میں پنکج ایڈوانی نے یک طرفہ مقابلے کے بعد اسجد اقبال کو 14کے مقابلے میں 52پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

وقت اشاعت : 11/08/2015 - 15:06:12