فیفا ورلڈکپ: امریکا میں ارجنٹائن ٹیم کی سخت تلاشی، میسی حیران پریشان ہنستے رہے

جمعرات 2 جولائی 2026 17:53

فیفا ورلڈکپ: امریکا میں ارجنٹائن ٹیم کی سخت تلاشی، میسی حیران پریشان ہنستے رہے
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکا میں بعض اسٹار کھلاڑیوں سمیت مختلف ٹیموں کی مجرمانہ انداز میں تلاشی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔امریکا کے مختلف ایئرپورٹس کی کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جس میں سینیگال، ازبکستان اور جرمن ٹیم کو سخت تلاشی کے عمل سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا۔اس کے علاوہ عراق اور ایران کی ٹیم کو بھی ایئرپورٹ پر امیگریشن مسائل کا سامنا رہا، بعض کھلاڑیوں کو گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے عمل سے گزرنا پڑا جبکہ سپورٹ اسٹاف کے کئی ممبران کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا۔

سب سے پہلے سینیگال ٹیم کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سینیگال کے کھلاڑیوں کو ٹیم کی جرسیوں میں ہوائی اڈے کے رن وے پر اپنے سامان کے قریب کھڑا دیکھا جا سکتا ہے جہاں سیکیورٹی اہلکار ان کی جانچ پڑتال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی کھلاڑیوں کے ٹرمینل میں داخل ہونے سے قبل کی گئی تھی۔اسی طرح ازبکستان کی ٹیم کی نیدرلینڈز کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے آمد کے موقع پر سراغ رساں کتوں اور جدید سیکیورٹی آلات کے ذریعے تلاشی لی گئی۔

طاقتور ترین یورپی ملک جرمنی کی ٹیم بھی امریکی امیگریشن حکام کی سخت سیکیورٹی جانچ سے نہ بچ سکی۔آئیوری کوسٹ کے خلاف اہم میچ سے قبل جرمن ٹیم کو ٹورنٹو روانگی کے دوران سخت سیکیورٹی مراحل سے گزرنا پڑا۔اب سپر اسٹار لیونل میسی کی چیمپیئن ٹیم ارجنٹینا کو بھی جرمن ٹیم جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جب جہاز میں بیٹھنے سے قبل ان کی سخت تلاشی لی گئی۔اس صورتحال میں لیونل میسی پہلے تو کچھ حیران ہوئے تاہم پھر اسی حیرانی کے عالم میں ہنسنے لگے۔سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر حیرت کا اظہار کیا کہ میسی جیسے کھلاڑی کو اتنی سخت تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 02/07/2026 - 17:53:15