سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے "پنجاب رائزنگ سٹار پورٹل" کا افتتاح کر دیا

جمعرات 2 جولائی 2026 19:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے "پنجاب رائزنگ سٹار پورٹل" کاافتتاح کر دیا۔ترجمان کے مطابق پورٹل سافٹ افتتاح کے موقع پر مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی، میٹ ود جنیزی کے حوالے سے باقاعدہ تقریب ہوئی جس میں نوجوانوں نے اپنے خیالات پیش کئے۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے پنجاب رائزنگ سٹار پورٹل کے ذریعے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو رجسٹرڈ کرنے کاایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیاگیا ہے،پنجاب کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی اس پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کروا کر اپنی صلاحیتوں کو منظر عام پر لا سکتے ہیں، رائزنگ سٹار پورٹل کے ذریعے سامنے آنے والے باصلاحیت نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تربیت، رہنمائی اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں، رائزنگ سٹار پورٹل چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے "میٹ ود جین زی" کے عنوان سے منعقدہ خصوصی سیشن میں مختلف تعلیمی اداروں کے باصلاحیت طلبا و طالبات سے ملاقات بھی کی، اس سیشن میں بیکن ہائوس، پنجاب یونیورسٹی،یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، سپیریئر یونیورسٹی، پنجاب کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی،ملاقات کے موقع پر طلبا نے نوجوانوں کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال، موثر پرومپٹس تیار کرنے اور اے آئی کو درست انداز میں ہدایات دینے کے مختلف پہلوئوں پر اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں سے مسلسل مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ انہی کے خیالات اور تجاویز کی روشنی میں ان کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔تقریب کے دوران پی آئی ٹی بی کے افسران نے پنجاب رائزنگ سٹار پورٹل کے مختلف فیچرز، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور اس کے فوائد کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ اور ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت نے پروگرام میں شریک طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
وقت اشاعت : 02/07/2026 - 19:47:10