فٹ بال کے مستقبل میں جیانی انفینٹینو کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، روئی پنٹو

جمعرات 1 اکتوبر 2026 10:12

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) فٹ بال لیکس کے بانی اور کمپیوٹر ہیکر روئی پنٹو نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹ بال کے مستقبل میں ان کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔ روئی پنٹو کے بیان میں 2018 میں سامنے آنے والی ان دستاویزات کا حوالہ دیا گیا جن کے بعد مانچسٹر سٹی کے مالی معاملات کی تحقیقات شروع ہوئی تھیں۔

پریمیئر لیگ نے مانچسٹر سٹی کو 9 سال کے دوران مالی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے، تاہم کلب کسی بھی غلط کاری سے انکار کرتا ہے اور اسے اپیل دائر کرنے کے لیے 2 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ پنٹو نے الزام عائد کیا کہ جیانی انفینٹینو جو اس وقت یورپی فٹ بال کی تنظیم یوئیفا کے سیکرٹری جنرل تھے، نے مانچسٹر سٹی اور پیرس سینٹ جرمین کو مالیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی سے بچانے میں کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق دونوں کلبوں کو مبینہ طور پر مالیاتی ضوابط پورے کرنے کے لیے سپانسرشپ معاہدوں کی مالیت زیادہ ظاہر کرنے کے الزامات کا سامنا تھا۔ روئی پنٹو نے کہا کہ جیانی انفینٹینو نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے خفیہ دستاویزات شیئر کیں اور دونوں کلبوں کے خلاف زیادہ سخت تحقیقات اور ممکنہ چیمپئنز لیگ پابندی کے بجائے صرف جرمانے کی راہ ہموار کی، تاہم یوئیفا نے اس وقت واضح کیا تھا کہ سیکرٹری جنرل کا متعلقہ معاملات میں تحقیقات کرنے والے ادارے کی معاونت کرنا ان کے دائرۂ اختیار میں شامل ہے۔

جیانی انفینٹینو نے بھی اپنے سابق کردار کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ذمہ داریوں میں مختلف معاملات پر بات چیت، دستاویزات اور تجاویز کا تبادلہ اور فٹ بال کے مفادات کا دفاع شامل ہے۔جیانی انفینٹینو کو حالیہ عرصے میں فیفا کی قیادت اور طرز حکمرانی کے حوالے سے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔ سوئس فٹ بال ایسوسی ایشن نے بھی حالیہ واقعات کے بعد فیفا کے صدر کی حمایت پر نظرثانی کرتے ہوئے قیادت، شفافیت اور فیصلہ سازی کے عمل پر بنیادی سوالات اٹھائے ہیں۔جیانی انفینٹینو مارچ 2027 میں فیفا کے صدر کے عہدے کے لیے 4ویں مرتبہ انتخاب لڑیں گے جبکہ ان کے ممکنہ حریفوں کو متبادل امیدوار سامنے لانے کے لیے 18 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 01/10/2026 - 10:12:33