آسٹریلیا کی برسبین ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، 503 رنز کی مجموعی برتری حاصل، جو برنز اور ڈیوڈ وارنز کی سنچریاں

ہفتہ 7 نومبر 2015 20:45

آسٹریلیا کی برسبین ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، 503 رنز کی مجموعی برتری حاصل، جو برنز اور ڈیوڈ وارنز کی سنچریاں

برسبین ۔07 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔7 نومبر۔2015ء) آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔ ڈیوڈ وارنر اور جو برنز کی شاندار سنچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے ہیں اور اسے 503 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے، جو برنز 129 اور ڈیوڈ وارنر 116 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز کے خسارے کے ساتھ 317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کین ولمیسن نے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔ مچل سٹارک نے 4 اور مچل جونسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہفتہ کو برسبین کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 157 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 55 اور بی جے واٹلنگ 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔

(جاری ہے)

کیوی ٹیم کو چھٹا نقصان 185 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب واٹلنگ 32 رنز بنانے کے بعد مچل جونسن کا نشانہ بن گئے۔ مارک کریگ ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 24 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر مچل مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کین ولیمسن نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی 11 ویں سنچری مکمل کی۔ 273 پر نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب ڈگ بریسویل 16 رنز بناکر مچل مارش کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

مچل سٹار نے ٹم ساؤدی کو 14 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کیا۔ کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 140 رنز بناکر مچل سٹارک کا نشانہ بنے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز 556 کے جواب میں 317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 239 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ مچل سٹار نے چار، مچل جونسن نے تین جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور مچل مارش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے اور اسے 503 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ جو برنز اور ڈیوڈ وارنر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے بالترتیب 129 اور 116 رنز بنائے۔ مارک کریگ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

وقت اشاعت : 07/11/2015 - 20:45:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :