ڈونیڈن ٹیسٹ : سری لنکا کو 122رنز سے شکست ، کیویز ٹیم نے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی

پیر 14 دسمبر 2015 14:03

ڈونیڈن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن میزبان ٹیم نے سری لنکا کو 122 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔میچ کے آخری دن سری لنکا کو جیتنے کے لیے مزید 296 رنز درکار تھے جبکہ نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں کی ضرورت تھی۔

نیل ویگنر کی جارحانہ بولنگ نے نیوزی لینڈ کو درکار بریک تھرو دلایا جس کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے جیت آسان ہوگئی۔چوتھے دن سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 282 رنز بناکر آوٴٹ ہو گئی۔ دنیش چندی مل نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ، سٹینر اور ویگنر نے دو دو وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

اوپنر مارٹن گپٹل کو پہلی اننگزمیں سنچری سکور کرنے کے لیے مین آف دا میچ قرار دیا گیا چوتھے دن بارش نے تین بار کھیل میں رکاوٹ پیدا کی اور چوتھے دن کے کھیل کے خاتمے پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے اور کریز پر دنیش چنڈی مل 31 رنز بناکر موجود تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گااس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری (156) اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کی بدولت 431 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے چار جبکہ سرنگا لکمل اور دشمنتھا چمیرا نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹیں اینجلو میتھیوز اور سری وردھنا کے حصے میں آئیں۔اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 294 رنز بناکر آوٴٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے اوپنر کرونارتنے نے 84 جبکہ دنیش چنڈی مل نے 83 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوٴدی اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 137 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی پھر اس نے دوسری اننگز میں ٹام لیتھم کی ناقابل تسخیر 109 رنز اور کین ولیمسن کے 71 رنز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کیا اور سری لنکا کو پانچ سیشنز میں 405 رنز کا مشکل ہدف دیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 14/12/2015 - 14:03:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :