بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک

بدھ 27 جنوری 2016 13:07

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کے 'بہت کم امکانات' ہیں۔انہوں نے عندیہ دیا کہ بی سی بی اس حوالے سے بورڈ اجلاس میں فیصلہ کرے گا جبکہ مستفیض الرحمان کو مالی معاوضہ دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مستفیض جسمانی طور پر زیادہ طاقت ور نہیں ہیں اور وہ اس پر کام کررہے ہیں، انہوں نے پچھلے میچ میں بھی تکلیف کا اظہار کیا تھا۔

'ایسی حالت میں ان کا باہر جاکر کھیلنا مشکل ہوگا۔

(جاری ہے)

ہم عالمی ٹی ٹوئنٹی سے قبل کوئی چانس نہیں لے سکتے۔'انہوں نے کہا کہ اگر وہ فٹ ہوجاتے ہیں تو انہیں ایشیا کپ میں کھلایا جائے گا لیکن موجودہ صورت حال میں انہیں باہر کھیلنے کے لیے بھیجنا بہت مشکل ہوگا۔مستفیض الرحمان پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے۔ان کے علاوہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، تمیم اقبال اور مشفق الرحمان بھی پی ایس ایل کے لیے منتخب ہوئے تھے۔اس سے قبل تین انگلش کھلاڑی سیم بلنگز، جیمز ونس اور کرس جارڈن پی ایس ایل کے تمام میچ کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں کیونکہ انہوں نے 17 فروری سے جنوبی افریقی لیگ کھیلنا ہے۔

وقت اشاعت : 27/01/2016 - 13:07:07