کیوی مڈل آرڈ ر بلے بازکین ولیمسن نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کرکٹرقرار

جمعہ 26 فروری 2016 16:44

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) کین ولیسمن کو بہترین کارکردگی پر نیوزی لینڈ کے سال کے بہترین کرکٹر قرار دیتے ہوئے سر رچرڈ ہیڈلی میڈل سے نوازا گیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کین ولیمسن کو سال میں 5 سنچریاں اور نیوزی لینڈ کی جانب سے سال میں ریکارڈ سب سے زیادہ رنز بنا کر ٹیسٹ کے نمبر ایک کھلاڑی بننے پر ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔

کین ولیمسن کو سال کا بہترین ٹیسٹ کھلاڑی بھی قرار دیا گیا اور فرسٹ کلاس میں بہترین کارکردگی پر ریڈ پاتھ کپ بھی جیت لیا۔ولیسمن نے سال 2015 میں 10 ٹیسٹ میچوں میں 77.29 کی اوسط سے 1314 رنز بنائے جس میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 242 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جس کی بدولت نیوزی لینڈ میچ میں شکست سے بچ گیا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے تینوں طرز کرکٹ میں مجموعی طورپر 53 میچوں میں 60.70 کی اوسط سے 3 ہزار339 رنز بنائے جس میں 8 سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ ون ڈے میں انگلینڈ اور زمبابوے کے خلاف مسلسل 7 میچوں میں 50 سے زیادہ رنز بنا نے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

مارٹن گپٹل کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا سال کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ گپٹل نے سال 2015 میں ون ڈے کرکٹ میں 1891 رنز بنائے۔مارٹن گپٹل نے ورلڈ کپ 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا انفرادی اسکور 237 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔

وقت اشاعت : 26/02/2016 - 16:44:38