قومی ٹیم ایشین سکوائش ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،عامر نواز

بدھ 4 مئی 2016 12:13

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا ہے کہ قومی ٹیم 18ویں ایشین سکوائش ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔ اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18 ویں ایشین سکوائش ٹیم چیمپئن شپ 11 مئی سے چائنیزتائپے میں شروع ہوگی جس میں ایشین ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے اور قومی ٹیم کے کھلاڑی تیسری بار اعزاز کے دفاع کیلئے قسمت آزمائی کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں چار کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں فرحان زمان، طیب اسلم، فرحان محبوب اور اسرار گل ملک کی نمائندگی کریں گے جبکہ فہیم گل ٹیم کوچ اور عامر نواز مینجر کے فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں فہیم گل کی کوچنگ میں بھر پور محنت کی ہے اور تربیتی کیمپ گذشتہ روز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا ہے، کھلاڑی سکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے لاہور میں ہیں اور وہاں سے ہی قومی ٹیم 9 مئی کوچائنیزتائپے کیلئے روانہ ہوگی۔

عامر نواز نے کہا کہ چیمپئن شپ 16 مئی تک جاری رہے گی اور قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے بعد 16 مئی کو وطن واپس آئیگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن گراس روٹ لیول پر کام کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں ملک میں مختلف ایسوسی ایشنز کے تعاون سے گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد بھی کئے جاتے ہیں جن میں انڈر10-، انڈر12- اور انڈر14- مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے جس سے سکواش کے کھیل کو فروغ حاصل ہو۔

وقت اشاعت : 04/05/2016 - 12:13:40