عامر خان تھر کے پیاسوں کیلئے نمائشی میچ کھیلیں گے

حاصل ہونے والی آمدنی تھر میں پانی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی

پیر 30 مئی 2016 19:10

عامر خان تھر کے پیاسوں کیلئے نمائشی میچ کھیلیں گے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) باکسر عامر خان کراچی میں نمائشی میچز کھیلیں گے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی تھر میں پانی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔تھر کا صحرا پانی سے محروم علاقہ ہے جہاں کے رہائشیوں کو شدید قحط کا سامنا ہے۔ پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان کی فلاحی تنظیم تھر میں پانی کے کنویں کھودنے کے لیے فنڈ جمع کرے گی اور اس مقصد کے لیے عامر خان نمائشی میچز کھیلیں گے۔

تھر کے باسیوں نے عامر خان کے اس اقدام پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تھر کے رہائشی ماما وشان نے عامر خان کو تھر کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان تھر کا دورہ ضرور کریں۔ تھر کے مہمان نواز لوگ ان کا بے صبری سے انتظار کریں گے۔

(جاری ہے)

تھر میں کام کرنے والی ایک تنظیم کے کارکن اور ماہر ماحولیات ڈاکٹر سونو کھنگرانی کا کہنا ہے کہ تھر کا اصل مسئلہ پانی ہے جس کی وجہ سے ہر سال یہاں سینکڑوں افراد کی موت ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھر میں بارشوں کا سلسلہ ناقابل بھروسہ ہے۔ عموماً یہاں جولائی سے ستمبر تک کم مقدار میں بارشیں ہوتی ہیں جس سے بھرنے والے کنووٴں سے تھر کے باسیوں کا کسی طرح گذارا ہوجاتا ہے۔ یہاں پانی حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ یہی کنویں ہیں۔ان کے مطابق وہ عامر خان کا یہ اعلان سن کر بہت خوش ہیں۔۔

وقت اشاعت : 30/05/2016 - 19:10:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :