اگست 2017ء تک چیئر مین پی سی بی رہوں گا :شہریار خان

اتوار 26 جون 2016 17:30

اگست 2017ء تک چیئر مین پی سی بی رہوں گا :شہریار خان

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26جون ۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ وہ اگست 2017 ء تک اس عہدے پر رہیں گے ۔ ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا تھا کہ ان کی لندن میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہوئی تھی جنہوں نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے اور اب اگست 2017ء تک وہی چیئرمین پی سی بی رہیں گے ۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم نوازشریف کو گزشتہ 30سال سے جانتے ہیں ، ان سے ملاقات ان کی طبیعت معلوم کرنے کے لیے ہوئی تھی ،وزیر اعظم پی سی بی میں ہونیوالی تبدیلیوں سے مطمئن ہیں۔شہریار خان نے کہا کہ چیئر مین ایگزیکٹوکمیٹی نجم سیٹھی ان کے پرانے دوست ہیں تاہم ان کے مابین معمولی اختلاف رائے چلتا رہتا ہے،چیئرمین پی سی بی میں ہوں اور میرے دستخط کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا،بطور چیئرمین تمام ایگزیکٹیو پاور میرے پاس ہیں اور میں ہی ذمے دار ہوں۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو برس پہلے پی سی بی کے بگڑتے حالات دیکھ کر یہ عہدہ سنبھالا تھا اور عدالت نے نجم سیٹھی کا نام مسترد کرکے میرا نام منظور کیا تھا،عدالتی فیصلے کے بعد پی سی بی میں سارے تنازعات ختم ہوگئے ۔

وقت اشاعت : 26/06/2016 - 17:30:59