پہلا ون ڈے ، پاکستان نے” آئر ش بچوں“ کو انٹر نیشنل کرکٹ کا تلخ سبق پڑھا دیا

جمعرات 18 اگست 2016 22:14

پہلا ون ڈے ، پاکستان نے” آئر ش بچوں“ کو انٹر نیشنل کرکٹ کا تلخ سبق پڑھا دیا

ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18اگست۔2016ء ) 2 میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے ” آئر ش بچوں“ کو انٹر نیشنل کرکٹ کا تلخ سبق پڑھا دیا ،338رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم محض 82رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔ میلاہائیڈ، ڈبلن میں کھیلے جارہے میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ،کپتان اظہر علی کمزور ٹیم کے خلاف سکور کرنے میں ناکام رہے اور محض 1رن بنا کر پوویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ نے شرجیل خان کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 90رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد حفیظ 37رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔شرجیل خان نے آئرش باؤلرز پر اپنا لاٹھی چارج برقرار رکھتے ہوئے بابر اعظم کیساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 96رنز جوڑے جس کے بعد بابر 29رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

شرجیل بھی 86گیندوں پر 152رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد پوویلین لوٹ گئے،وکٹ کیپر سرفراز احمد کچھ خاص نہ کرسکے اور2رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

شعیب ملک نے محمد نواز کیساتھ ملکر چھٹی وکٹ کے لیے سکور میں 83گیندوں پر 105رنز جوڑے جس کے بعد نواز اپنے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری مکمل کرکے آؤٹ ہوئے۔سابق کپتان 57اور عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے 47اوورز میں 6وکٹیں کھو کر 338رنز بنالیے۔آئر لینڈ کیلئے میکارتھی نے 4جبکہ چیز اور مرتاغ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 338رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کو کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کاکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم محض82رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

آئرلینڈ کیلئے ولسن 21،میک برائن 14ناٹ آؤٹ ، پورٹ فیلڈ 13اور نیل اوبرائن 10رنز کیساتھ ڈبل فگرز میں پہنچے والے بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14رنز دیکر 5وکٹیں حاصل کیں،عمر گل نے 3جبکہ عامر اور نواز نے ایک ،ایک شکار کیا۔ شرجیل خان کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 18/08/2016 - 22:14:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :