امریکی فٹ بالر کا ایک مرتبہ پھر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار

اس پرچم یا ملک کی تعظیم کیلئے کھڑا نہیں ہوں گا جو سیاہ فام اور دوسرے رنگ و نسل کے لوگوں کا استحصال کرتا ہے،کولن

ہفتہ 3 ستمبر 2016 19:16

امریکی فٹ بالر کا ایک مرتبہ پھر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) امریکی نیشنل فٹبال لیگ کے کھلاڑی کولن یپرن نے ایک مرتبہ پھر احتجاجا قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔سان فرانسسکو 49 کے لیے کھیلنے والے کولن یپرن نے امریکا میں نسلی امتیاز اور سیاہ فام افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجا قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہونے سے انکار کردیا اور میچ سے قبل ترانے کی دھند پر تمام کھلاڑی احتراما کھڑے رہے لیکن کولن اپنی نشست پر بیٹھے رہے۔

(جاری ہے)

ان کی ٹیم میں شامل ایک ساتھی کھلاڑی بھی اس احتجاج میں شامل تھے لیکن بعض شائقین نے ان کی اس حرکت پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا تھا۔کولن کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اس پرچم یا ملک کی تعظیم کے لیے کھڑا نہیں ہوں گا جو سیاہ فام افراد اور دوسرے رنگ و نسل کے لوگوں کا استحصال کرتا ہے، میری اس مخالفت کو اگر دوسرے انداز سے دیکھیں تو یہ خود غرضی ہوگی لیکن ایسا کرنا میرے لیے فٹ بال سے بھی بڑا کام ہے۔دوسری جانب شائقین فٹبال نے کولن یپرن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی اس حرکت سے لگتا ہے کہ وہ محب وطن نہیں اور انھوں نے ان افراد کی توہین کی ہے جو ملک کی خاطر جان دینا چاہتے ہیں۔

وقت اشاعت : 03/09/2016 - 19:16:12