گرینڈ سلام کی تیاری٬ قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ (کل) اسلام آباد میں شروع ہوگا

بدھ 12 اکتوبر 2016 19:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2016ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے گرینڈ سلام کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ (کل) جمعرات سے پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پی جے ایف کے سیکرٹری منصور احمد کے مطابق تربیتی کیمپ میں 12کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں8 مرد اور4 خواتین کھلاڑی شامل ہوں گے ٬ انہیں کوچ جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گرینڈ سلام 27 سے 31 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں کھیلا جائے گا ٬جس میں سات رکنی ٹیم پاکستان کی نمائندگی کرے گی اور قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئی26 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔ منصور احمد نے کہا کہ گرینڈ سلام میگا ایونٹ ہے جس میں پوری دنیا کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آتے ہیں اس لئے اس ایونٹ کیلئے باصلاحیت اور مستند کھلاڑیوں کا دستہ تیار کرکے انہیں ایونٹ کیلئے بھجوائیں گے تاکہ وہ گرینڈ سلام میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں کافی ٹیلنٹ ہے اور امید ہے کہ گرینڈ سلام میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔ واضح رہے کہ گرینڈ سلام کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 10اکتوبر سے پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں شروع ہونا تھا۔ تاہم محرم الحرام11 سے 12 اکتوبر تک چھٹیوں کی وجہ سے فیڈرشن نے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 3 دن تاخیر سے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وقت اشاعت : 12/10/2016 - 19:27:18