ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پاکستا ن کیخلاف 1وکٹ پر 69رنز بنا لیے

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 اکتوبر 2016 23:58

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ،ویسٹ انڈیز نے پاکستا ن کیخلاف 1وکٹ پر 69رنز بنا لیے

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14اکتوبر ۔2016ء ) 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے اور تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام پر پاکستان کیخلاف 1وکٹ کھو کر 69رنز بنا لیے تھے ۔دبئی انٹرنیشنل گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 1وکٹ پر 279رنز کے ساتھ شروع کی تو اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ 67رنز بنا کر بشو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ،اظہر علی اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 165رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد بابر اعظم 69رنز بنا کر بشو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جس کے بعد مصباح الحق اور اظہر علی نے پاکستان کو 579رنز تک پہنچے میں مدد دی اور اسی دوران اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری سکور کرکے یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی اور مجموعی طور پر 29بلے باز بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا ، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ،یوں وہ پاکستان کی جانب سے 4 ہزار رنز بنانے والے 10ویں پاکستانی بن گئے ہیں،مصباح29اور اظہر علی 302رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، ویسٹ انڈیز کیلئے بشو نے 2جبکہ روسٹن چیز نے 1وکٹ لی ۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز کریگ براتھویٹ اور لیون جونسن نے کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 36رنز جوڑے جس کے بعد جونسن لیگ سپنر یاسر شاہ کو سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے 15رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔ اس سے قبل میچ کا ٹاس کا ٹاس پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد اوپننگ بلے باز اظہرعلی اور سمیع اسلم نے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو 215 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جب کہ پہلے دن کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنالیے تھے ، سمیع اسلم 90 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے ۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کررہی ہیں، اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہوا تھا۔دوسری جانب لیگ سپنر یاسر شاہ اب تک 16 میچز میں 95 وکٹ حاصل کرچکے ہیں اور اگر وہ اس ٹیسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ بھارت کے روی ایشون کو پیچھے چھوڑ کر کم ترین ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی سنچری بنانے والے ایشیائی باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔واضح رہے پاکستان نے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ویسٹ انڈیز کو کلین سویپ کیا تھا۔

وقت اشاعت : 14/10/2016 - 23:58:11