چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی کوریج کیلئے نجی چینل کیساتھ معاہدہ پی ٹی وی کے حق میں

جمعرات 5 اکتوبر 2006 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2006ء) پاکستان ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ اور ورلڈ کپ کوریج کیلئے نمبس انٹرنیشنل کا مطالبہ بہت زیادہ تھا اور اس کمپنی سے حقوق کی خریداری پی ٹی وی کے لئے نقصان دہ تھی۔ تاہم پی ٹی وی نے ناظرین کا استحقاق سامنے رکھتے ہوئے نجی ٹی وی کے ساتھ اشتراک عمل کی صورت نکالی کیونکہ نفع نقصان سے زیادہ اہمیت پی ٹی وی کے نزدیک اپنے ناظرین کی ہے۔

جمعرات کے روز جاری کردہ پریس ریلیز میں پاکستان ٹیلی وژن کے ترجمان نے اخبارات میں شائع ہونے والی ایک خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کرکٹ سیریز کے لئے نمبس انٹرنیشنل کا مطالبہ بہت زیادہ تھا جبکہ پرائیویٹ چینل نے نمبس کو منہ مانگے دام دے کر حقوق حاصل کر لئے۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی نے اپنے ناظرین کا استحقاق سامنے رکھا اور نجی ٹی وی کے ساتھ اشتراک عمل کی صورت نکالی کیونکہ نفع اور نقصان سے زیادہ اہمیت پی ٹی وی کے نزدیک اپنے ناظرین کی ہے مگر اس کے باوجود اس معاہدے سے پی ٹی وی کو کروڑوں روپے کی یقینی آمدنی ہو گی۔

سرکاری اور نجی شعبے کا یہ اشتراک کوئی نئی بات نہیں ہے پی ٹی وی دیگر پاکستانی چینلز کو قومی اہمیت کی خصوصی نشریات بلامعاوضہ بھی فراہم کرتا ہے کیونکہ پی ٹی وی قومی ذمہ داریوں کو نبھانا اپنا فرض اول سمجھتا ہے۔ یونین کی جنرل باڈی میں جو صورت حال پیش کی گئی ہے وہ رائے عامہ اور ادارے کے کارکنوں کے لئے گمراہ کن ہے اور متعلقہ لوگوں کی بے خبری ثابت کرتی ہے بعض مفاد پرست عناصر بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پی ٹی وی اور نجی چینل کا معاہدہ پی ٹی وی کے حق میں جاتا ہے اور پی ٹی وی کو بغیر کچھ ادا کئے دونوں کرکٹ سیریز کے نہ صرف نشریاتی حقوق حاصل ہوئے ہیں بلکہ اس سے کروڑوں روپے کی آمدنی بھی ہو گی۔
وقت اشاعت : 05/10/2006 - 19:01:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :